نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر، آل پاکستان ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور ضلعی انتظامیہ کا ویڈیو لنک اجلاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کےزیر اہتمام آل پاکستان ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور ضلعی انتظامیہ کا ویڈیو لنک اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں آزادکشمیر کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ چوہدری گفتار حسین، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی راجہ شاہد محمود، اور ڈپٹی کمشنر مظفرآباد ندیم احمد جنجوعہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کل 8دسمبرسے پاکستان بھر سمیت آزادکشمیر میں بھی سفر کرنے کے لیے ویکسی نیشن کروانا ضروری ہو گا۔

مسافر وں کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ سفر کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا ٹکٹ لینے سے پہلے اپنا ویکسی نیشن کارڈ، سرٹیفکیٹ یا موبائل ایس ایم ایس دیکھائیں گے۔ ٹرانسپورٹر بھی اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ بغیر ویکسی نیشن کسی بھی سواری کو ٹکٹ نہ دیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹرانسپورٹ میں ویکسی نیشن پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس پالیسی پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ اورپولیس محکمہ صحت کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائے گی۔انٹری پوائنٹس پر پولیس جملہ ٹرانسپورٹ کو ویکسی نیشن کے حوالہ سے چیک کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ٹرانسپورٹ ویکسی نیشن پالیسی پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔

دریں اثناءسیکرٹری ٹرانسپورٹ چوہدری گفتار نے ضلعی انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں ٹرانسپورٹ ویکسی نیشن پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ٹرانسپورٹر ز اور مسافروں کو پابند کیا جائے کہ وہ پالیسی کی خلاف ورزی نہ کریں۔ویکسی نیشن کارڈ، نادرا کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ یا ویکسی نیشن مکمل ہونے کا موبائل ایس ایم ایس بطور ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ قابل قبول ہو گا۔ اس حوالہ سے آگاہی بھی فراہم کی جائے تاکہ وہ اس پالیسی پر عملدرآمد کریں اور کورونا جیسے مہلک وائرس کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ٹرانسپورٹ ویکسی نیشن پالیسی پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دھانی کروائی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں