درہ شیر خان، بٹل ہجیرہ (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے بہادر اور جرات مند لوگ ہیں جو آئے روز بھارت کی جانب سے بربریت و اشتعال انگیزی کا دیدہ دلیری سے مقابلہ کرتے ہیں، ایل او سی پر واقع تمام حلقوں کے مسائل کو جانتا ہوں، ایل او سی کے ملحقہ حلقوں میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی بنیادی سہولیات ترجیح بنیادوں پر مہیا کریں گے، اس حوالے سے ایل او سی پیکیج پر کام تیزی سے جاری ہے،
ایل او سی پر بسنے والوں کی محرومیاں دور کریں گے، وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے نہ صرف وکیل اور سفیر ہیں بلکہ انہوں نے پورے آزاد کشمیر کیلئے ہیلتھ کارڈ کی سہولت فراہم کر کے کشمیریوں کے محسن ہونے کا ثبوت دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے درہ شیر خان اور بٹل کے مقام پر الگ الگ بی ایچ یو کے افتتاحی پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کا درہ شیر خان اور بٹل پہنچنے پر اہلیان علاقہ کی جانب سے ڈھول کی تھاپ اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پر تپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر سابق وزیر حکومت سردار غلام مصطفیٰ، سابق امیدوار اسمبلی سردار ارزش، کمشنر پونچھ ڈویژن، ڈی آئی جی پونچھ ریجن کے علاوہ مقامی قائدین اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع وزیراعظم آزادکشمیر کا مزید کہنا تھا کہ ایل او سی کے نزدیک رہنے والے لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا، ایل او سی کے نزدیک رہنے والے افراد خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ان کو سہولیات دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں،
ایل او سی کے نزدیک رہنے والوں کے لیے صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر سمیت تمام بنیادی سہولیات بلاتحصص فراہم کرینگے، ہماری حکومت کی اولین ترجیح غریب اور متوسط طبقے کو اٹھا کر اوپر لانا ہے اور بلاتفریق عوام کی خدمت کرنا ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے پانچ سو ارب روپے پیکج سے آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ میں ٹوٹی نلکے کی سیاست نہیں کروں گا بلکہ آنے والے نسلوں کیلئے تعمیر و ترقی کام کرنا چاہتا ہوں، عوام کے فلاح وبہبود کے منصوبوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں گا۔ ہم سب ایک ہیں، ہمارے اباو اجداد نے ہمیشہ بھائی چارے اور روا داری کی سیاست کو فروغ دیا، جنھوں نے مجھے ووٹ دیے یا نہیں دیے، میں سب کا وزیر اعظم ہوں اور بلاتحصیص سب کے کام کروں گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں