اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے معروف ترک شاعر ترگے ایورن نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ترک شاعر کی بیوی، مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے حریت رہنما الطاف بٹ اور ڈاکٹر ولید رسول بھی موجود تھے۔۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال، تحریک آزادی کشمیر اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔۔
وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آئے روز جعلی مقابلوں میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو شہید کر دیا جاتا ہے، بھارت عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر ہے، فاشسٹ مودی کا چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے تمام فورمز پر آواز بلند کریں گے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کے سامنے بھارت کو بے نقاب کر رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان نے حقیقی معنوں میں کشمیریوں کا سفیر بن کر دکھایا، آج تمام کشمیری عمران خان کو اپنا محسن سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر طیب اردگان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عالمی سطح پر جرات اور دلیری کیساتھ امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا، دونوں رہنما مسلمہ امہ کا درد رکھتے ہیں،
یہی وجہ ہے دونوں رہنماؤں کو مسلمان ممالک میں سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ ترک بھائیوں کے شکر گزار ہیں انہوں نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیلئے آواز بلند کی بلکہ 2005 کے زلزلے میں کشمیریوں کی مدد کیلئے پیش پیش رہے جسے کشمیری ہمیشہ یاد رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں بھی اسرائیل نے ظلم کا بازار گرم کر کے رکھا ہے، فلسطینیوں اور کشمیریوں کا صرف ایک ہی قصور ہے کہ وہ مسلمان ہیں، شاید یہی وجہ ہے کہ عالمی برادری کا ضمیر نہیں جاگ رہا۔ امت مسلمہ یک زبان ہوکر اپنا کیس دنیا میں لڑنا ہوگا۔ ترک شاعر نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی ظلم وبربریت کی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں پر ظلم و ستم پر دل دکھی ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے،ترکی اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ ہے۔۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے ترک شاعر کے کشمیریوں کیلئے جذبات کو سراہا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں