سیالکوٹ (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے کیونکہ یہ مہاجرین ہمارے پاس جموں وکشمیر کی نشانی ہیں۔بطور پارٹی ہماری زیادہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان کو درپیش مشکلات حل کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں کیونکہ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت بنوانے میں مہاجرین کا اہم کردار ہے جنہوں نے ہمارے امیدواروں کو کامیاب کروایا اور آج آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہے۔
میں نے اپنے دور حکومت میں مہاجرین کو اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاح وبہبود کے کاموں کے لئے خصوصی طور پر فنڈز دینا شروع کیے تھے۔ اسی طرح ہم اب بھی مہاجرین کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو کوٹہ دینا شروع کریں گے۔ آزادکشمیر میں ملازمتوں، یونیورسٹیز، کالجزمیں مہاجرین جموں وکشمیر کے کوٹے پر نظر ثانی کریں گے۔ میں نے اس سلسلے میں گورنر و وزیر اعلیٰ پنجاب سے بھی رابطہ کیا ہے تاکہ حکومت پنجاب بھی مہاجرین جموں وکشمیر کی آبادکاری میں درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لئے اُن کی مدد کر سکے۔ ہم جہاں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہیں وہاں آزادکشمیر کے عوام اور مہاجرین جموں وکشمیر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے بھی اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں سیالکوٹ کے قریب ڈسکہ میں رکن آباد کے مقام پر ایک جلسہ عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جلسہ کی میزبانی کے فرائض مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر نے سرانجام دئیے جبکہ جلسہ عام کی صدارت وزیر سماجی بہبود سردار محمد حسین نے کی جبکہ اس موقع پر جلسہ عام سے وزیر سماجی بہبود سردار محمد حسین،وزیر برقیات چوہدری محمد ارشد، وزیر مال چوہدری محمد اخلاق،مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر،مشیر حکومت حافظ حامد رضا، ممبر قانون ساز اسمبلی دیوان غلام محی الدین، ممبر قانون ساز اسمبلی محمد عاصم شریف بٹ، پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ،پارلیمانی سیکرٹری صبیحہ صدیق، ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری یاسر سلطان،صدارتی مشیر سردار امتیاز خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ جہاں ہم آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں وہاں ہم آزادکشمیر کے عوام اور مہاجرین جموں وکشمیر کے مسائل کے حل کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔
مہاجرین جموں وکشمیر ہمارے پاس مقبوضہ کشمیر کے عوام کی نشانی ہیں اور ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ میں آج یہاں سیالکوٹ کے قریب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہم اُن کی اس جدوجہد میں شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مہاجرین جموں وکشمیر کے مسائل کو ہر سطح پر حل کروائیں گے اور انہیں مختلف محکمہ جات میں ملازمتوں اور یونیورسٹیز، کالجز میں داخلوں کے لئے مہاجرین کے کوٹے میں اضافے کے لئے نظر ثانی کریں گے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں