مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ سپیشل افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں، حکومت ان کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اور اپنی ذمہ داری پوری کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیر تعلیم و ٹیوٹا دیوان علی خان چغتائی نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر بھی تقریب میں موجود تھے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا، خصوصی افراد خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ان کو سہولیات دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سپیشل افراد نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ کھیل کے میدانوں سے لیکر ہر شعبہ زندگی میں سپیشل افراد نے اپنے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ سپیشل افراد کیلئے ملازمتوں میں مختص کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے اور ان کیلئے مزید مواقعے بھی پیدا کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے سپیشل افراد کو شیلڈ ز بھی تقسیم کیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں