سیالکوٹ، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمودنے شہداء جموں کی یادگار کا سنگ بنیاد رکھ دیا، یادگار کی تعمیر کا مقصد آنے والی نسلوں کو شہداء جموں کی قربانیوں سے آشکار کرنا ہے

سیالکوٹ ( پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سیالکوٹ میں شہداء جموں کی یادگار کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔شہداء جموں کی یادگار کا سنگ بنیاد سیالکوٹ جموں روڈ پر رکھا جہاں سے جموں کا فاصلہ 28کلو میٹر ہے۔ اس موقع پر شہداء جموں کی یاد گار کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم نے پچھلے ماہ 06نومبر کو یوم شہداء جموں کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ ہم سیالکوٹ میں شہداء جموں کی یادگار تعمیر کریں گے اور آج میں خصوصی طور پر اس سلسلے میں یہاں آیا ہوں اور آج میں نے یہاں شہداء جموں کی یادگار کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔

اس یاد گار کا مقصد جہاں شہداء جموں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے وہاں اس کی تعمیر کا مقصد آنے والی نسلوں کو شہداء جموں کی قربانیوں سے آشکار کرنا ہے۔ تقریب میں پی ٹی آئی کے رہنماء عمر ڈار، مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر، مشیر حکومت صاحبزادہ حافظ حامد رضا، ڈپٹی سپیکر ریاض گجر اور دیگر بھی موجود تھے۔ بعدا ازاں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سیالکوٹ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جب صدر ریاست کا عہدہ سنبھالا تو میں نے اعلان کیا تھا کہ میں آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُٹھاؤں گا اس سلسلے میں، میں نے ستمبر میں امریکہ اور بعد ازاں اکتوبر میں برطانیہ اور یورپ کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران میں نے جہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مودی کی آمد کے موقع پر مظاہرے کی قیادت کی وہاں میں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، او آئی سی کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب، امریکی کانگریس مین، سینیٹرز سے ملاقاتیں کر کے انہیں مقبوضہ کشمیر کی سنگیں صورتحال پر بریفنگ دی۔

اسی طرح میں نے برطانیہ اور یورپ کے دورے کے دوران لندن، برسلز، دی ہیگ اور پیرس میں کشمیریوں کے مظاہروں میں شرکت کی اور اسی طرح میں نے برطانوی پارلیمنٹ میں پچاس سے زائد برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو بریفنگ دی اور اسی طرح وہاں کے تھنک ٹینکس اور بین الاقوامی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریشہ دوانیوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ خالد حسین قریشی، سیکرٹری جنرل سید ارتضاء بخاری، مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر،مشیر حکومت حافظ حامد رضا اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے سپاسنامہ پیش کیا اور صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر پر کوعالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ بعد ازاں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جناح ہاؤس سیالکوٹ میں پی ٹی آئی سیالکوٹ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور یہ حکومت کارکنوں نے بڑی محنت سے بنوائی ہے میں کارکنوں کو حکومت میں اُن کا جائز حق دلوانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔

پی ٹی آئی کی حکومت آزادکشمیر میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق گڈ گورننس قائم کرے گی اور ہم آزادکشمیر سے کرپشن اور تعصب کی سیاست کا خاتمہ کریں گے۔ اس موقع پر تقریب کی صدارت پی ٹی آئی سیالکوٹ کے رہنماء عمر ڈار نے کی جبکہ اس تقریب سے مشیر حکومت حافظ حامد رضا، مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جناح ہاؤس سیالکوٹ میں مقامی اور ملکی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں دو روزہ دورے پر سیالکوٹ آیا ہوں اورمیرے دورے کا بنیادی مقصد سیالکوٹ میں شہداء جموں کی یادگار کا سنگ بنیاد رکھنا ہے، اس یادگار کا بنیادی مقصد شہداء جموں کی قربانیوں کو یاد کرنا اور نہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ انشا ء اللہ مقبوضہ کشمیر جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا۔ اس موقع پر رہنماء پی ٹی آئی سیالکوٹ کے مرکزی رہنماء عمر ڈار، مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر، مشیر حکومت حافظ حامد رضا، ڈپٹی سپیکر ریاض گجر اور دیگر بھی موجود ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں