سینئرآفیسرز ان دا فیلڈ، سیکرٹری اطلاعات مدحت شہزاد، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کا ایل او سی کے علاقے وادی لیپہ کا دورہ

لیپہ ویلی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آ زاد جموں و کشمیر کے احکامات کے مطابق چیف سیکرٹری کی ہدایت پر عوامی مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے خصوصی ہفتہ سینئرآفیسرز ان دا فیلڈ کے دوران سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی مدحت شہزاد اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کا ایل او سی کے علاقے وادی لیپہ کا دورہ، وادی لیپہ کے لوگوں کی مشکلات کا جائزہ لیا اور عوام کے مسائل سنے۔سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہراقبال نے پریس کلب لیپہ کا بھی دورہ کیا اور صحافیوں سے مسائل سنے۔

انہوں نے لیپہ کے عوام کے مسائل کے حل کے حوالے سے صحافیوں سے تجاویز بھی لیں۔ صدر پریس کلب لیپہ رضوان اعوان نے انہیں بریفنگ دی۔ سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات نے آئی ٹی سینٹر لیپہ کا بھی دورہ کیا۔وادی لیپہ کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ وادی لیپہ کے عوام کی مشکلات کا احساس ہے، لیپہ کے لوگ بہادر اور جرات مند ہیں جو افواج پاکستان کے شانہ بشانہ قربانیاں دے رہے ہیں۔ وادی لیپہ میں سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔ یہاں کا کلچر اور ثقافت بہت خوبصورت ہیں جنہیں محفوظ بنانے کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔ پریس کلب لیپہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ مدحت شہزاد نے کہا کہ لیپہ میں صحافیوں کے مسائل کا جائزہ لیا ہے یہاں پریس کلب میں فرنیچر و دیگر ضروریات فراہم کریں گے۔

ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ وادی لیپہ میں ہندستان کی جارحیت اور موسم کی شدت جیسے مسائل کے باوجود یہاں کے صحافی بہترین کام کررہے ہیں۔نامساعد حالات کے باوجود لیپہ کے صحافیوں کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیپہ پریس کلب کی ضروریات کو پوری کریں گے۔ آئی ٹی سینٹر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد نے کہا کہ لیپہ میں بہت جلد آئی ٹی سینٹر کا افتتاح کر کے سروسز کا آغاز کر دیا جائیگا۔ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے رہی ہے ریاستی باشندے سرٹیفکیٹ اور ڈومیسائل کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تعاون سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، کوشش ہے کہ جلد ریاست بھر میں اراضی سے متعلق تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹل کر کے عوام کو سہولت دی جائے۔ اس وقت تین تحصیلوں میں لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے جس میں تحصیل ہٹیاں بھی شامل ہے۔سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے وادی لیپہ کے دورہ کے دوران دربار عالیہ تریڈا شریف کا بھی دورہ کیا اور فاتحہ خوانی کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close