شاعر مشرق علامہ اقبال کا ہی تصور کے نتیجے میں پاکستان کا قیام عمل میں آیا، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا خواتین کالج میرپور میں خطاب

میرپور (پی آئی ڈی) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے شاعر مشرق علامہ اقبال کا ہی تصور تھا جس کے نتیجے میں پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔علامہ اقبال نے پاکستان کے قیام کا تصور پیش کیا قائد اعظم محمد علی جناح نے اس تصور کو حقیقت میں بدل ڈالا۔ نوجوان نسل علامہ اقبال کی آفاقی شاعری میں پوشیدہ افکار کی روشنی میں آگے بڑھ کر ترقی وکامرانی کی تمام تر منازل حاصل کر سکتی ہے۔ہمارے جتنے بھی جماعتی، سیاسی، نظریاتی اور فکری اختلافات ہوں ہم سب کشمیر ایشو پر باہم متفق ہیں۔

دنیا کا مزاج کشمیر ایشو کے حوالے سے بدل رہا ہے،کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار بن چکی ہے۔ میں نے کشمیر ایشو کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کشمیر ملین مارچ کا سلسلہ شروع کیا۔ میں نے 2014 میں لندن، 2015 میں نیویارک امریکہ،2016 میں برسلز، 2017 میں آئر لینڈ جبکہ 2018 میں دیوار برلن جرمنی میں ملین مارچ کیے۔ صدر ریاست بننے کے بعد میں نے ستمبر میں امریکہ اور اکتوبر میں برطانیہ و یورپ کا دورہ کیا جس سے کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں زبردست پذیرائی ملی۔ میں میرپور کا پہلا سیاستدان تھا جو وزیراعظم بنا پھر میرپور کا پہلا سیاستدان تھا جو اپوزیشن لیڈر بنا اور میرپور کا پہلا سیاستدان ہوں جو صدر ریاست بنا کبھی وزیر، سپیکر اسمبلی یا کسی اور حکومتی عہدے پر نہ فائز رہا نہ اس کی خواہش کی۔ میری خواہش ہوتی ہے کہ ہمیشہ نمبر ون پوزیشن پر رہوں۔۔

ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے غازی الہی بخش گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین میرپور میں یوم اقبال اور جدوجہد آزادی کشمیر کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت پرنسپل ادارہ ہذا ساجدہ غفور نے کی ۔ اس موقع پر ابریش زیشان، آمنہ ایاز، عروسہ قمر، اقرا ایمان، عائشہ فرید، فضا وحید،ذکیہ ربانی اور دیگر طالبات نے یوم اقبال کے حوالے سے تقاریر اور کلام اقبال پیش کیا۔پارلیمانی سیکرٹری و ممبر قانون ساز اسمبلی میڈم صبیحہ صدیق نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ۔ یوم اقبال اور جدوجہد آزادی کشمیر کے موضوع پر غازی الہی بخش گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین میرپور میں خوبصورت تقریب کے انعقاد پر ادارے کی پرنسپل اور دیگر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج کی تقریب میں ادارے کی بچیوں نے اچھے انداز میں اپنا نقظہ نظر پیش کیا۔

ان کی تقریروں اور کلام اقبال کو سن کر دلی مسرت ہوئی ان کا لیول یورپ کے تعلیمی اداروں سے کم نہیں تھا۔ میری کوشش ہوگی کالج کو درپیش مسائل حل کر کے اس ادارے کے معیار کو مزید بہتر بناؤں۔صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں سب سے بڑا اور سنگین مسئلہ بے روز گاری ہے ریاست کے اندر سرکاری ملازمتوں کے علاوہ جاب کا کوئی آپشن موجود نہیں سب کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنا بھی ممکن نہیں۔اس کے لیے آزاد کشمیر میں انڈسٹری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے پرنسپل نے سپاسنامہ میں جن مسائل کے حل کا مطالبہ کیا وہ تمام مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں گے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں