قائداعظم کے رہنماء اصول اپنا کر بہترین معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی قائد اعظم کے مزار پر حاضری کے موقع پر گفتگو

کراچی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ حضرت قائداعظم محمد علی جناح مسلمانوں کے عظیم رہنماء،اولوالعزم شخصیت اور اصول پسند قائد تھے جن کی دلیرانہ قیادت میں قیام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کا بے مثال جملہ کہہ کر بانی پاکستان نے پاکستان و کشمیر کو ایک لڑی میں پرو دیا۔آج بحیثیت وزیراعظم آزاد کشمیر قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضر ہوا تو دل میں یہی خیال تھا کہ جناح آپ صحیح تھے،

تاریخ آپ کو بارہادرست ثابت کررہی ہے، آج ہندوستان میں مسلمانوں کا جو حال ہے اس کا اندیشہ آپ کو آج سے اسی نوے سال پہلے ہی ہوگیا تھا اور آپ نے عمر کے آخری حصے میں جی توڑ محنت کرکے ہمارے لیے آزاد وطن حاصل کیا. ان شاء اللہ مقبوضہ کشمیر بھی جلد آزاد فضاء میں سانس لے گا۔”شکریہ قائداعظم۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار مزار قائد پر حاضری کے بعد مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوے کیا۔اس سے پہلے وزیراعظم نے مزار قائد پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ،ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض احمد اور تحریک انصاف کے رکن اسمبلی راجہ اظہر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک،علاقے،خطے اور کمیونٹی کو آگے بڑھانے،ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا ایک ہی قائداعظم اصول ہے اور وہ ہے کام،کام اور بس کام۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کی انتہائی ڈسپلن لائف سے ہمارے لئے جو سبق ہیں وہ محنت،کام سے لگن،ملک کیلیے اور اپنی قوم کے لیے کچھ کرنیکا جذبہ اور معاشرے کے پسماندہ طبقوں کو اوپر اٹھانے کے لیے تگ و دو کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کی روشنی میں قائداعظم محمد علی جناح کے رہنماء اصول اپنا کر بہترین معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔وزیر اعظم نے مسلمانان برصغیر کے لئے بانی پاکستان کی غیر معمولی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانان ہندکے لیے الگ مملکت کا قیام وہ کارنامہ ہے جس کی دنیا میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔انہوں نے قائداعظم کی کشمیریوں سے محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ کا تصور دیکر انہوں نے پاکستان اور کشمیر کے باسیوں کو ایک اٹوٹ تعلق میں باندھ دیا تھا۔دریں اثناء وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے سندھ اسمبلی کا دورہ کیا۔

سندھ اسمبلی پہنچنے پر ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی محترمہ ریحانہ لغاری اور سیکرٹری اسمبلی جی ایم عمر فاروق نے انہیں خوش آمدید کہا۔سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر کی ڈپٹی اسپیکر چیمبر میں ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری سے ملاقات۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے تاریخی اولڈ سندھ اسمبلی بلڈنگ کا دورہ کیا۔انہوں نے سندھ اسمبلی کی نئی بلڈنگ کا بھی دورہ کیا۔اسمبلی انتظامیہ کی جانب سے تاریخی اسمبلی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close