پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی کاگورنمنٹ گرلز ووکیشنل سینٹر میں نمائش کا دورہ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) پارلیمانی سیکرٹری و ممبر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی پروفیسر تقدیس گیلانی نے گورنمنٹ گرلز ووکیشنل سینٹر مظفرآباد میں لگائی گئی نمائش کا دورہ کیااور ہاتھ سے تیارکی گئی مختلف مصنوعات کامعائنہ کیا۔گورنمنٹ گرلزووکیشنل سینٹر میں ہاتھ سے تیارکردہ مصنوعات کی نمائش پانچ روز جاری رہے گی۔ ممبر اسمبلی نثارہ عباسی، سیکرٹری سماجی بہبود و ترقی نسواں سردارجاوید ایوب، چیئرپرسن ویمن کمیشن تہمینہ صادق بھی ان کے ہمرا ہ تھیں۔

اس موقع پرگرلز ووکیشنل ٹریننگ سینٹرکی پرنسپل ثنا گیلانی نے پروفیسر تقدیس گیلانی کو بریفنگ بھی دی۔ پروفیسر تقدیس گیلانی نے ووکیشنل سینٹر میں ہاتھ سے تیارکردہ مصنوعات کو سراہا اور ان کی مارکیٹنگ پر زور دیا۔ اس موقع پر ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلوانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریگی۔ خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے ٹیوٹا کو مزید فعال بنایا جائے گا اور دور دراز علاقوں میں بھی ووکیشنل سینٹرز قائم کیے جائیں گے،یہاں پر کاٹیج انڈسٹری کو فروغ دیں گے۔

انہوں نے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں ہاتھ سے تیار کی گئی مصنوعات کی نمائش پر پرنسپل ادارہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ کشمیری خواتین دنیا کی قابل خواتین ہیں، یہ مصنوعات انتہائی دیدہ زیب اوربہترین معیار کی ہیں۔ان کی مزید مارکیٹنگ ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ ترقی نسواں کو مزید بہتر بنائیں گے تاکہ زیادہ موثر طریقے سے خواتین کو سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close