ملازمتوں پر موجود خصوصی افراد کو تمام رعاتیں حاصل رہیں گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی خصوصی افراد کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دیں گے۔وہی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے جس میں خصوصی افراد کو معاشرے کے دیگر عناصر کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے۔جموں کشمیر ہاوس میں بصارت سے محروم افراد کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت ان کی بہبودی کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کرے گی۔وزیراعظم وفد سے بڑی شفقت سے پیش آئے اور ان کے مسائل سنے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمتوں میں خصوصی افراد کا جو کوٹہ موجود ہے اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملازمتوں پر موجود خصوصی افراد کو وہ تمام رعاتیں حاصل رہیں گی جو ان کی آسانی کیلیے ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد انتہائی ٹیلینٹڈ ہوتے ہیں اور ملکی ترقی میں ان کا بڑا حصہ ہے۔وزیراعظم خاصی دیر وفد کے ساتھ رہے فرداً فرداً ان کے مسائل کو سنا اور یقین دلایا کہ وزیراعظم ہاوس کے دورازے ان کیلیے ہمہ وقت کھلے ہیں۔وفد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کی درازی عمر اور کامیابی کیلیے دعا کی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close