14 اگست یوم آزادکشمیر پاکستان کے موقع پر بہترین تزئین و آرائش اور چراغاں، پاک فوج کی جانب سے سرکاری و نجی عمارتوں کے مالکان میں تقسیم انعامات کی تقریب

مری (پی آئی ڈی) پاک فوج کی جانب سے 14 اگست یوم آزادکشمیر پاکستان کے موقع پر بہترین تزئین و آرائش اور چراغاں کرنے والے سرکاری و نجی عمارتوں کے مالکان کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔جس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ چنار ڈویژن میجر جنرل واجد عزیز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، وائس چانسلر کوہسار یونیورسٹی ڈاکٹر حبیب حسین، اسسٹنٹ کمشنر مری محمد عمر مقبول سمیت مختلف محکمہ جات کے افسران، سول سوسائٹی مری کے نمائندگان اور صحافیوں نے شرکت کی۔

جشن آزادی کے موقع پر سجاوٹ پر فیصلہ ساز کمیٹی کے مطابق نجی عمارتوں کی بہترین آرائش اور چراغاں پر پہلا انعام ایمبیسڈر ہوٹل کے مالک عمیرجاوید عباسی کو 5 لاکھ روپے نقد اور اعزازی شیلڈ دی گئی جبکہ دوسرا انعام فاران ہوٹل کے مالک حاجی خلیل احمد کو ڈھائی لاکھ روپے اور شیلڈ دی گئی۔ تیسرا انعام الماز ہوٹل کے مالک حاجی اسد خان کودیا گیا۔ سرکاری عمارتوں کی سجاوٹ پر ریسکیو 1122 مری کو اول پوزیشن حاصل کرنے پر پانچ لاکھ روپے اورشیلڈ دی گئی جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر مری آرٹس کونسل کو اڑھائی لاکھ روپے اورشیلڈدی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل واجد عزیز کا کہنا تھا کہ وطن عزیز پاکستان کو اللہ پاک نے بہترین محلِ وقوع، شاندار موسم اور خوبصورت ترین علاقے عطا فرمائے ہیں۔

بلند و بالا پہاڑ اور مقامی لوگوں کی مہمان نواز ی سیاحوں کے لئے کشش کا باعث ہیں۔ پاکستان کے شمالی علاقے، کشمیر، مری و گلیات اور خیبر پختونخواہ کے علاقوں میں سیاحت کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔ اس لئے قدرتی ماحول کو محفوظ رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ جنرل واجد عزیز نے ملکہ کوہسار کی بقا، خوبصورتی، سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی اپنا نقطہ نظر تفصیلاً بیان کیا جس کو شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا۔ ملکہ کوہسار کی خوبصورتی اور قدرتی حسن کو محفوظ کرنے اور سیاحتی انتظامات کو بہتر بنانے کیلیے چنار ڈویژن دن رات مصروف عمل ہے۔ مقامی لوگوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کرنے کے لیے جنرل واجد عزیز کی ہدایت پر “مری میراتھن” اور “آرٹس نمائش” کا انعقاد آئندہ ماہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ دیگر مقابلہ جات بھی پلاننگ اور تشکیل کے مرحلے میں ہیں۔ شرکاء نے پاک فوج کے اس اقدام پر اظہار مسرت کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے مقابلے منعقد کروانے کی خواہش کا اظہار کیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close