دیہی علاقوں میں بھی بلڈنگز ضابطے کے تحت بننی چاہیں،پھلدار درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی لگنی چاہیے، سینئر وزیر سردار تنویر الیاس کا اجلاس سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کے سینئر وزیر / وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ، سیاحت سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آئندہ سو سالہ اور دوسوسالہ چیلنجز کو مد نظر رکھ کر پلاننگ کی ضرورت ہے۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ آج ہماری ضرورت کیا ہے اور آئند ہ سوسالوں یا دو سوسالوں میں ہماری ٹریفک اور اربنائزیشن کی کیا صورتحال ہوگی۔ انگریز دور میں جو سڑکیں بنائی گئیں وہ آج بھی زیر استعمال ہیں اس وقت کی پلاننگ بہت عمدہ تھی۔ ہمارے کام سے ہمارا ضمیر مطمئن ہوگا تو تاریخ بھی ہمیں یاد رکھے گی۔

دیہی علاقوں میں بے ہنگم تعمیرات اور سیوریج نہ ہونے کی وجہ سے نیچرل لینڈ سکیپ تباہ ہورہا ہے۔ اگر ایسی صورتحال رہی تو آئندہ چند دہائیوں میں دیہی علاقوں میں بھی کنکریٹ کے پہاڑ بن جائیں گے اور پھر لاہور اور آزادکشمیر کے ماحول میں کوئی فرق نہیں رہے گا۔ قدرتی ماحول کو بچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔دیہی علاقوں میں بھی بلڈنگ ضابطے کے تحت ہی بننی چاہیں اور انجینئرز سے منظور ہونی چاہیں۔ درختوں بالخصوص پھلدار درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی لگنی چاہیے۔ ایسے درخت لگائے جائیں آزادخطہ کے ماحول سے مطابقت رکھتے ہوں۔

ہم لوگ پانی کی قدر نہیں کرتے، آزادکشمیر کا پانی قدرتی طور پر صاف اور صحت افزاء تھا جو کہ اب آلودہ ہو رہا ہے۔محکمہ میں کوالٹی آف ورک بہتر بنانے کے لیئے اہل ہیومن ریسورس کا اضافہ کیا جائے گا،زیر تعمیر منصوبوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیئے جائیں گے۔ گھروں،مارکیٹوں،اداروں میں بجلی،پانی،وسائل کے ضیاع کو بچانے کے کے لیئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔بلنگ کے نظام کو بھی بہتر کیا جائے۔ سیوریج کا پانی دریا میں جارہا ہے تو اس کے لئے پلاننگ کی جائے۔ شہروں میں بلڈنگز کی تعمیر سے قبل ماحولیاتی مسائل، سیوریج،نکاسی، راستے / سڑک کا پہلو ہر گز مدنظر رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کی جانب سے دی جانے والی محکمانہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ فیاض علی عباسی، چیف انجینئر نارتھ خواجہ عبدالباسط اورچیف انجینئر ساؤتھ سردار فراز احمد نے سینئر موسٹ وزیر کو بریفنگ دی۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ پلاننگ اور مستقبل کے چینلجز سے نبردآزما ہونے کیلئے صحیح اعداد و شمار کا ہونا ضروری ہے۔لند ن، دوبئی و دیگر ترقی یافتہ ممالک میں ٹریفک اور قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے سخت قوانین بنائے گئے ہیں۔ زلزلہ2005میں بھی سب سے زیادہ سرکاری عمارات تباہ ہوئیں جہاں بلڈنگز معیار کی نہیں تھی۔ بلڈنگز کی تعمیرکے دوران تعمیراتی میٹریل کا بھی معیاری ہونا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ پبلک ہیلتھ نے زیادہ توجہ صرف پانی کی فراہمی پر ہی دی لیکن سیوریج پر خاص توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے زیر زمین پانی بھی آلودہ ہونا شروع ہو گیا۔ دنیا میں ہر بڑے شہر میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگائے جاتے ہیں لیکن ہمارے ہاں اس پر بھی توجہ نہیں دی گئی۔

سینئر وزیر نے سیوریج کے نظام کو درست کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سوریج لائنوں کو دریا میں ڈالنا بہت بڑا ظلم ہے۔واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگا کر اسے درست کیا جائے گا۔پانی کو آلودگی سے بچانے کے لیئے فلٹریشن کا اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت پانچ سو ارب کا ترقیاتی پیکج دینے جارہی ہے، فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کو بھی ضروریات کے مطابق فنڈز ملیں گے۔عمران خان فنڈز دینے کے معاملے میں بہت سخی ہیں، انہوں نے گلگت بلتستان کے لوگوں کے لئے بھی370ارب اور آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا میگا ترقیاتی پیکج دینے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹاؤن پلاننگ کا پہلو بھی مد نظر رکھنا ضروری ہے ،تنگ گلیوں کی وجہ سے ہنگامی حالات میں ریسکیو آپریشنز میں بہت دشواری اور بروقت رسائی ممکن نہیں ہوتی۔انہوں نے کہاکہ فیاض علی عباسی تجربہ کار افسر ہیں ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔

محکمہ فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ انتہائی اہمیت کا حامل محکمہ ہے۔پی پی ایچ کے جو منصوبے وسائل نہ ہونے کی وجہ سے شروع نہ ہو سکے یا تعطل کا شکار تھے ان کی تکمیل جلد کی جائے گی۔ نیاپاکستان ہاوسنگ پروگرام کے تحت راولاکوٹ میں بہترین منصو بہ بنایا جائے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ فیاض علی عباسی نے کہاکہ اربن ڈویلپمنٹ پلاننگ پہلی ترجیح ہوگی۔ ہمارے پاس باصلاحیت ٹیم موجود ہے جس کے ساتھ بہترانداز میں کام کریں گے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close