کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس طاہرمحمود قریشی‘ ناظم تعمیرات عامہ شاہرات راجہ بشیر‘ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد ندیم احمد جنجوعہ‘ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس یاسین بیگ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) / سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی مظفرآباد‘ سردار تحسین اسسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس رجسٹریشن‘ ذاکر حسین ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ٹریفک‘ اسسٹنٹ سیکرٹری آزادکشمیر ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمدبشیر‘ سی ٹی آئی شجاع گیلانی نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مظفرآباد ڈویژن میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نظرثانی کی جائیگی جس کیلئے ڈپٹی کمشنر صاحبان اور سپرنٹنڈنٹ پولیس صاحبان تجاویزارسال کریں گے جس پر نئے کرایہ نامہ جاری کیئے جائیں گے۔اجلاس میں مظفرآباد ڈویژن میں رکشہ جات‘ سوزوکی ہا کی رجسٹریشن اور نئے روٹ پرمٹ کے اجراء پر پابندی عائد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مظفرآباد ڈویژن میں رجسٹرڈ/ غیر رجسٹرڈ اڈہ جات کی تفصیل آزادکشمیر ٹرانسپورٹ اتھارٹی فراہم کرے گی۔ ہر ضلع میں ایسے اڈہ جات کو بلدیہ کر زیرانتظام ہیں ان کی رجسٹریشن متعلقہ اتھارٹی سے کروائی جائیگی۔

اجلاس میں اندرون شہر لوکل بس چلائے جانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نان کسٹم گاڑیوں کی پٹرتال کی جائے گی اور بدوں رجسٹریشن چلنے والی گاڑیوں اور موٹرسائیکل کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر زاور ایس پیز کیئے گئے فیصلہ جات پر عملدر آمد کروائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close