آزاد جموں و کشمیر میں خواتین پر تشدد کے خلاف مہم کا آغاز، خواتین پر تشدد کے خلاف عوامی سطح پر شعور بیدار کیا جائے گا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر میں خواتین پر تشدد کے خلاف مہم کا آغاز ہو گیا۔ محکمہ ترقی نسواں آزادکشمیر کے زیر اہتمام اسلامک ریلیف ، یو این ڈی پی اور سٹیٹ وویمن کمیشن کے اشتراک سے خواتین پر تشدد کے خلاف مہم دو ہفتے تک جاری رہے گی اور اس دوران تمام اضلاع میں سیمنار، تقاریب اور آگاہی واکس کا انعقاد کیا جائے گا اور خواتین پر تشدد کے خلاف عوامی سطح پر شعور بیدار کیا جائے گا۔ جمعرات کے روز خواتین پر تشدد کے خلاف مہم کے آغاز پر دارالحکومت مظفرآباد میں محکمہ ترقی نسواں کے زیراہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔

واک کی قیادت ممبر قانون ساز اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی نے کی۔آگاہی واک میں ممبر اسمبلی نثارہ عباسی، چیئرپرسن وویمن کمیشن تہمینہ صادق، ڈائریکٹر ترقی نسواں اکرام الحق، اسلامک ریلیف کی نمائندہ میڈیا فرین ، یو این ڈی پی کے نمائندے حسنین علی سمیت تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت۔ آگاہی واک بینظیر بھٹو وویمن کمپلیکس جلال آباد سے شروع ہوئی اور سینٹرل پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کا خاتمہ اور انکے حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی ترجیحی ہے۔ حکومت اداروں سے لے کر اسمبلی تک خواتین کے حقوق کے تحفظ اور تفریق کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

ریاست کی ترقی کا راز خواتین کی صلاحتیوںسے استعفادہ کرنے میں ہی مضمر ہے۔آزادکشمیر میں خواتین کی شرح خواندگی ملک کے دیگر صوبوں سے زیادہ ہے جو کہ حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی نشستوں میں اضافہ کریں گے۔ بلدیاتی انتخابات میں بھی خواتین کو مناسب نمائندگی دی جائے گی۔ خواتین پر تشدد کے خلاف مہم کے انعقاد پر وویمن ڈویلپمنٹ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ممبر اسمبلی محترمہ نثارہ عباسی نے کہا ہے کہ خواتین پر تشد د کے خلاف اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ خواتین پر تشدد کے واقعات آئے روز سامنے آتے ہیں جن کی روک تھام کے لیے تمام مکاتب فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔واک کے شرکاءنے پلے کارڈز اور بینر ز اٹھا رکھے تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close