آزاد کشمیر میں ہائی کورٹ کے ججز کی تعیناتی میرٹ پر کی جائے گی، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ سے صدر آزاد کشمیربیرسٹر سلطان محمود کا خطاب

باغ ( پی این آئی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہائی کورٹ کے ججز کی تعیناتی میرٹ پر کی جائے گی اور باغ میں ہائی کورٹ کا بینچ دینے کے لیے میں چیف جسٹس سپریم کورٹ سے مشورہ کروں گا۔ وکلا تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز ہر فورم پر پہنچانے کے لیے اپنی کاوشیں تیز کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں باغ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے خصوصی اجلاس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر ڈسٹرک بار ایسوسی ایشن باغ سید خالد گردیزی نے تقریب کی صدارت کی جب کہ اس موقع پر تقریب سے آزاد جموں و کشمیر بار کونسل کے ممبر سردار طارق مسعود، سیکرٹری جنرل سردار ناظم نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر ملک، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ صدر ڈسٹرک بار ایسوسی ایشن باغ سید خالد گردیزی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ نے بطور وزیراعظم بھی اعلیٰ روایات قائم کی تھیں اور آزاد کشمیر میں رواداری اور وضع داری کی سیاست کو فروغ دیا تھا اور ہمیں امید ہے کہ آپ بطور صدر ریاست بھی اعلیٰ روایات کو فروغ دیں گے۔

اس موقع پر ممبر آزاد جموں و کشمیر بار کونسل سردار طارق مسعود نے کہا کہ آپ نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کی ہے ہم اس پر آ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ وکلا نے ہمیشہ تحریک آزادی کشمیر کو اجا گر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید خالد حسین گردیزی نے وکلا کو درپیش جن مسائل کا ذکر کیا ہے ان کے حل کے لیے ہم ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں