باغ ( پی این آئی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہماری تمام یونیورسٹیز بڑی محنت سے کام کر رہی ہیں اور ان کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کے لیے انہیں ہر طرح سے اپنی مدد اور تعاون فراہم کریں گے تاکہ آزاد کشمیر کے جامعات میں بین الاقوامی معیار قائم ہو سکے۔ ویمن یونیورسٹی کا کانوکیشن دیکھ کر مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے مجھے آج اپنی برطانیہ کی یونیورسٹی کا گمان ہو رہا ہے۔
میرا شروع ہی سے یہ ویژن تھا کہ خواتین معاشرے میں فعال کردار ادا کریں اس کے لیے انہیں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونا چاہیے۔ اسی طرح ہم آزاد کشمیر اسمبلی میں خواتین کی نشستوں میں اضافے کے لیے بھی مشاورت کر رہے ہیں۔میں جب وزیراعظم تھا تو میں نے اس وقت بھی خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے بہت سے منصوبے شروع کیے تھے تاکہ انہیں با اختیار بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں باغ میں ویمن یونیورسٹی باغ کے تیسرے کانوکیشن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید نے سپاس نامہ پیش کیاانہوں نے صدر کا کانوکیشن میں خصوصی طور پر شرکت پر یونیورسٹی سٹاف اور طالبات کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست نے مزید کہا کہ میں نے یونیورسٹی کے معاملات پر وائس چانسلر سے بریفنگ لی ہے اور انہوں نے جن مسائل اور مشکلات کا ذکر کیا ہے انہیں حل کرنے کے لیے ہم بھرپور اقدامات اٹھائیں گے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اس کے بعد صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کامیاب ہونے والی طالبات میں گولڈ میڈل اور اسناد تقسیم کیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید نے صدر آزاد جموں و کشمیر و چانسلر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یونیورسٹی کی شیلڈ پیش کی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں