آزاد کشمیر کو فلاحی ریاست بنانے کے لئے اربوں کے منصوبے لگانے جا رہے ہیں، پیر سید اکرم حسین شاہ بخاری بادشاہ کے عرس کی تقریب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا خطاب

کوٹلی تتہ پانی (پی آئی ڈی) وزیر اعظم ازادحکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ اللہ تعالی نے ریاست مدینہ کے بعد پاکستان کودوسری اسلامی نظریاتی ریاست بنایا ہے،اسے ایٹمی ملک بنایا اب دشمن اس کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ویژن غریب اور پسے ہوئے طبقے کو اوپر اٹھانا اور پاکستان کو مزید مضبوط ملک بنانا ہے،مہنگائی عالمی مسئلہ ہے ہمارے لوگوں نے محنت اور زمینداری چھوڑ دی ہے،آزاد کشمیر کو فلاحی ریاست بنانے کے لئے اربوں کے منصوبے لگانے جا رہے ہیں۔

وہ تتہ پانی کے قریب بنڈہور شریف درگاہ پر پیر سید اکرم حسین شاہ بخاری بادشاہ کے سالانہ عرس کی دعائیہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے،تقریب سے مفتی حنیف قریشی نے بھی خطاب کیا جبکہ سجادہ نشین پیر سید اکرام حسین شاہ بخاری نے دعا کرائی۔ عرس کے موقع پر آزاد کشمیر بھر اور پاکستان سے مریدین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے یہاں کے عوام کے دل اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیساتھ ڈھرکتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھارتی مظالم کے خلاف دلیرانہ جدوجہد کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ مقبوضہ کشمیر کی خواتین،بچوں اور بزرگوں کی قربانیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ انھیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دینی،سیاسی،علاقائی ذمہ داریاں ہیں،آج جیسی تقریبات میں آکر ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہوتا ہے یہاں امیر و غریب سب آتے ہیں۔ لوگ آج بھی ایسے مسیحا کے منتظر ہیں جو گھر گھر ان مشکلات کو حل کرے،انہوں نے کہا عمران خان عوام کے لئے مسیحا ہیں وہ غریب کو اوپر اٹھانا چاہتے،احتساب کا نظام لانا اور میرٹ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آنے والی نسلوں کے کام کرنا چاہتے ہیں،بریگیڈئیر حیات خان نے لوگوں کے چھوٹے چھوٹے کام کئے،سردار ابراہیم خان،سردار عبدالقیوم،سردار سکندر،ممتاز راٹھور،کے ایچ خورشید،پیر علی جان اور چوہدری نظام دین نے اپنے اپنے حصے کا کام کیا اور عوام کی خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں عوامی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کررہے ہیں۔ تتہ پانی،گوئی،کوٹلی روڈ کی تعمیر پر ارب روپے خرچ کرنے جارہے ہیں۔ تتہ پانی میں گرڈ اسٹیشن کی ضرورت ہے، اس کو بھی پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دل میں عوام کا درد ہے ان کے بس میں ہو تو آلو پیاز پانچ روپے کلو ملے۔ مگر یہ سب کچھ عالمی مسئلہ ہے،اس وقت دنیا میں پٹرول پاکستان میں سب سے زیادہ سستا ہے۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے دربار بنڈ ہور شریف پر سالانہ عرس کی تقریبات کے موقع پر چھ حفاظ کرام کو دستار فضیلت بھی پہنائی۔ دستار فضیلت پہننے والے حفاظ میں حافظ محمد سعد محمود (بلوچ)،حافظ محمد یاسر (بلوچ)،حافظ محمد چاند پھگواڑی،حافظ میں اشتیاق پڑاٹاں،حافظ محمد شہزاد درہ شیر خان اور حافظ میں عدیل پنگ پیراں کوٹلی شامل ہیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close