جاگراں ہائیڈرو پاور پراجیکٹپراجیکٹ کی تکمیل سے آزاد کشمیر حکومت کو خاطر خواہ آمدنی ہو گی، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود

کٹن ( پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کو خود کفیل کرنے کی ضرورت ہے جب میں وزیراعظم تھا تو اس وقت بھی میری یہی سوچ تھی اور میں نے اس وقت جاگراں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ فیز 1 کا سنگ بنیاد رکھا تھا اس سے آج تک اربوں روپے کی آمدنی آزاد کشمیر حکومت کو مل چکی ہے اور اسی وقت میں جاگراں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ فیز2 کی فزیبلٹی بھی تیار کروائی تھی۔

میں نے آج جاگراں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ فیز 2 کی موقع پر جا کر بریفنگ لی ہے اور یہاں پر پراجیکٹ کی ٹنلز اور دیگر شعبہ جات پر جاری کاموں کا بھی موقع معائنہ کیا ہے۔ اس موقع پر جاگراں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ فیز 2 کی تکمیل میں حائل مشکلات اور مسائل کے حل کے لیے میں نے ان سے وعدہ کیا ہے۔ یہ پراجیکٹ جو کہ جون 2023 میں مکمل ہونا ہے تاہم میں نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ اسے دسمبر 2022 تک پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں۔ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے بھی آزاد کشمیر حکومت کو خاطر خواہ آمدنی ہو گی۔

اسی طرح آزاد کشمیر میں ہائیڈرو کے دیگر پراجیکٹس بھی زیرتکمیل ہیں۔ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وادی نیلم کے دورہ کے دوسرے روز سیاحت، معادنیات، جنگلات اور وائلڈلائف کے محکمہ جات سے بھی بریفنگ لی۔ اس موقع پر صدر ریاست نے کہا ہے کہ ان محکموں میں مزید بہتری کے لیے کوششیں کریں گے تاکہ جہاں آزاد کشمیر کو خود کفالت کی منزل پر گامزن کرنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں وہاں پر عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے انہیں ہر ممکن مدد اور سہولیات بہم پہنچانے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جائیں۔ تاکہ ریاست میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو سکے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close