آزاد کشمیر کابینہ کا اجلاس، قراردادیں منظور، خطے کی ترقی، معاشی خوشحالی کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں متعدد قرار دادیں منظور کی گئیں قرار دادوں میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان کی جانب سے پاکستان کے عوام کے مفاد میں پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور کیے جانے والے بلز پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔اجلاس خاص طور پر اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر جناب عمران خان کے ویژن کو سلام پیش کرتا ہے۔

اجلاس سمجھتا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں اوورسیز کا بڑا اہم کردار ہے۔اجلاس الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کرانے کے عمل کو انتخابی عمل کی شفافیت کیلئے انتہائی اہم قدم قرار دیتا ہے جس سے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی راہ ہموار ہو گی۔آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان کی جانب سے کم آمدن والے خاندانوں کیلئے 120 ارب روپے کے معاشی پیکج پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔اجلاس سمجھتا ہے کہ یہ عمران خان ہی ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات سے کم آمدن والے خاندانوں کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا تاکہ عالمی مہنگائی کی لہر کی لپیٹ سے پاکستان کے غریب کو محفوظ کیا جا سکے۔

قرار داد میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ہندوستانی قابض فورسز کی جانب سے ایک ڈاکٹر سمیت پانچ نہتے کشمیری شہریوں کی شہادت پر انتہائی تشویش اور دکھ کا اظہار کرتا ہے۔ ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور آئے روز تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران نہتے شہریوں کو اپنی گولیوں کا نشانہ بناتی ہے۔اجلاس اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ہندوستانی قابض فورسز کے جنگی جنون اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی گرتی لاشوں کا سلسلہ بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

قرار داد میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں افواج پاکستان اور پولیس کے جوانوں کی شہادت پردہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔پاک فوج اور پولیس نے وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ایک اور قرار داد میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی بھرپور رہنمائی میں پہلی سہ ماہی کے 71فیصداخراجات کرتے ہوئے ترقیاتی عمل کو کامیابی سے جاری رکھنے اور آزاد خطہ کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کاا ظہار کرتا ہے اور وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیاز ی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ خطہ کی ترقی، معاشی خوشحالی اور میرٹ کی بحالی کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close