مظفرآباد() 20 نومبر 2021صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پونچھ یونیورسٹی کو فنکشنل ہوئے کافی وقت ہو چکا ہے تو اب اس میں مزید بہتری کے لیے آگے بڑھیں۔ اسی طرح یونیورسٹی کے مختلف کیمپسز کو تکمیل کے مراحل سے جلد نکالا جائے تاکہ وہاں پر تدریسی عمل کا فوری طور پر آغاز ہو سکے۔ چھوٹا گلہ پراجیکٹ کو فوری طورپر مکمل کیا جائے اس سلسلے میں جو بھی مشکلات در پیش ہیں ہم سے جو مدد اور معاونت ہو سکی ہم اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
چونکہ پونچھ یونیورسٹی میں طلبا و طالبات کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے لہذا اس کے زیر تکمیل پراجیکٹس کو فوری طور پر پایا تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ یونیورسٹی کی زمین پر با اثر لوگوں کے قبضے کو ختم کرانے کے لیے متعلقہ حکام سے بات چیت کی جائے۔ اسی طرح یونیورسٹی میں سکالر شپس بالخصوص پی ایچ ڈی سکالرشپس کے حوالے سے میری ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے بات ہو گئی ہے اور انشاء اللہ اس سلسلے میں طلبہ و طالبات کو سکالر شپس دینے کے لیے پیش رفت جلد ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں پونچھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رسول جان کی طرف سے یونیورسٹی آف پونچھ کے حوالے سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رسول جان نے صدر آزاد کشمیر و چانسلر پونچھ یونیورسٹی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی میں اس وقت ساڑھے پانچ ہزار کے قریب طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جبکہ یہاں پر اساتذہ کی تعداد دو سو سے زائد ہے جن میں سے نوے کے قریب اساتذہ پی ایچ ڈی ہیں اس موقع پر وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رسول جان نے بریفنگ کے دوران یونیورسٹی میں جاری تدریسی و انتظامی معاملات سمیت یونیورسٹی کو درپیش مختلف مسائل اور ان کے حل میں حائل مشکلات پر بھی روشنی ڈالی۔
اسی طرح انہوں نے یونیورسٹی میں جاری شعبہ جات، پروگرامز اور ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رسول جان نے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو پونچھ یونیورسٹی کے چھوٹا گلہ کیمپس پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اس پراجیکٹ کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں اور مقامی سطح پر درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا جس پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ چھوٹا گلہ پراجیکٹ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ وہاں پر تدریسی عمل جلد شروع کیا جا سکے اس سلسلہ میں ہم آپ کی بھرپور مدد و معاونت کریں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں