پٹہکہ،دیولیاں (پی آئی ڈی) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر حکومت پارٹنر شپ کے تحت سیاحتی شعبے کی ترقی کے لئے منظم منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہیں۔حکومت کی بہترین ماحول دوست پالیسیوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں سیاح جنت نظیر وادی کا رخ کر رہے ہیں۔
آزاد کشمیر کا قدرتی حسن سے مالا مال خطہ بے ہنگم سیاحت کا کسی صورت متحمل نہیں ہو سکتا۔ایک خاص حد سے زیادہ سیاحت قدرتی ماحول کی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔ماحول کو بچانا اولین ترجیح ہے ایسی ماحول دوست سیاحت کا فروغ چاہتے ہیں جس کے فوائد سے مقامی آبادی بھرپور انداز میں مستفید ہو۔مقامی آبادی کے اشتراک سے شروع کردہ “وادی سیماری” ایکو ٹورزم پراجیکٹ ماحول دوست سیاحت کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا.ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالحکومت مظفرآباد سے دو گھنٹے کی مسافت پر واقع تحصیل نصیر آباد یونین کونسل پنجگراں کی خوبصورت وادی سیماری میں مقامی آبادی کے اشتراک سے شروع کردہ ماحول دوست سیاحتی منصوبے کے پہلے فیز کے افتتاح کے موقع پر مقامی آبادی اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پرایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سید آصف حسین، انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک، کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمٰن،ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف و فشریز نعیم ڈار سمیت متعلقہ حکام اور مقامی عمائدین بھی موجود تھے۔اس موقع پر منعقدہ بریفنگ میں انھیں بتایا گیا کہ ماحول دوست سیاحتی منصوبے “وادی سیماری” ایکو ٹورزم پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔
“وادی سیماری”ایکو ٹورزم منصوبے پر مقامی آبادی کے اشتراک سے آٹھ سال قبل کام کا آغاز کیا گیا تھا جس کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ قدرتی ماحول کے اندر مقامی آبادی سیاحوں کو دیسی اور خالص خوراک فراہم کرے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر شکیل قادر خان نے کہا کہ حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر حکومت مل کر ریاست بھر میں سیاحتی ترقی کے لئے ایک مربوط اور منظم منصوبے پر کام کر رہی ہے جس سے عوام کا معیارِ زندگی بلند ہو گا اور انھیں روزگار کے بہترین مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انھوں نے “وادی سیماری”میں مقامی آبادی کی طرف سے شروع کردہ ماحول دوست سیاحتی منصوبے کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست بھر میں اس کامیاب تجربے کو دہرایا جائے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں