وزیراعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت کابینہ ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس، 6 ارب روپے سے زائد مالیت کے9منصوبے منظور کر لیے گئے

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیو م نیازی کی زیر صدارت رواں مالی سال کاکابینہ ترقیاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ برقیات / ہائیڈل، مواصلات، فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ، صحت اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے6ارب روپے سے زائد مالیت کے 11منصوبے زیر غور لائے گئے جن میں سے 9منصوبہ جات کو منظور کر لیا گیا۔

دو منصوبے آئندہ اجلاس تک موخر کر دیے گئے۔ اجلاس میں محکمہ برقیات و ہائیڈل کے تحت سماہنی میں 132اور سہنسہ میں بھی 132کلو واٹ کے گرڈا سٹیشنز کی تعمیر،3.22میگا واٹ نڑدجیاں ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی تعمیر،لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن فیز 2، محکمہ شاہرات کے زیرا نتظام 62.5کلو میٹر بڑی شاہرات کی تعمیر‘ بہترگی‘ پختگی و بحالی(جن میں ضلع نیلم میں 22کلو میٹر کیل تا تاؤ بٹ مین شاہراہ، ضلع بھمبر میں جنڈالہ پیر گلی روڈ شامل ہیں)،ضلع کوٹلی میں KGKروڈ کے بقیہ حصہ کی تکمیل،واٹرسپلائی سکیم سہنسہ کی تعمیر اور ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتا ل میرپور کی250بسترسے500 بسترتک اپ گریڈیشن کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں کابینہ اراکین سینئر وزیر سردار تنویر الیا س، خواجہ فاروق احمد، سردار محمد حسین خان، سردار میر اکبر خان، چوہدری محمد اخلاق، چوہدری محمد رشید، اظہر صادق، دیوان علی خان چغتائی، نثار انصر ابدالی، ظفر اقبال ملک، علی شان سونی، عبدالماجد خان، اکمل حسین سرگالہ، چوہدری محمد اقبال، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان،سیکرٹریز حکومت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی کہ جو منصوبے منظور ہو گئے ہیں ان پرجلد کام شروع کیا جائے، منصوبوں کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، مقررہ مدت میں ہر صورت منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے اور منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ کی جائے۔

ترقیاتی فنڈز کا سو فیصد تصرف یقینی بنایا جائے۔ وزراء کرام اور ایم ایل اے صاحبان اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں،ترقیاتی منصوبے بروقت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو ارسال کریں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ جات وزیراعظم، وزرااور ممبران اسمبلی کی خوشنودی کیلئے نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز رکھیں۔ وزیراعظم یا کسی وی آئی پی کے دورے سے قبل سڑکوں کی صفائی ستھرائی کی جا تی ہے جبکہ عام حالات میں سڑکو ں کی صفائی وستھرائی پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی‘ اس کلچر کو ختم کیا جائے اور عوام کی آسانی، سہولت اور سڑکوں کی محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں،جس کی جو ذمہ داری ہے وہ پوری کرے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کوہالہ سے باغ تک شاہراہ کی بہتر ی کے منصوبے کو بھی ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے۔ سڑکوں کو محفوظ بنانے اور کام کے معیار کی مانیٹرنگ کیلئے میکنزم بنایا جائے۔ وزیراعظم نے اس سلسلہ میں وزیر مواصلات کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی جس میں وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری مالیات، سیکرٹری ورکس اور سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات شامل ہیں۔

کمیٹی سڑکوں پر کا م کے معیارکو برقرار رکھنے اور اور سڑکوں کو محفوظ بنانے کیلئے لائحہ عمل بناکر سفارشات وزیراعظم کو پیش کریگی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے اجلاس میں میرپور، مظفرآباد، کوٹلی اور باغ میں گریٹر واٹر سپلائی سکیموں میں تاخیر کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی جو پندرہ دنوں میں اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کریگی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ گزشتہ دور میں سڑکوں کے معیارکو برقراررکھنے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کی گئی اور ن لیگ کی حکومت پہلی سہ ما ہی میں اپنی نااہلی کی وجہ سے صرف 61فیصد بجٹ ہی استعمال کر سکی۔جب ہم اقتدار میں آئے تو آدھی سہ ماہی گزر چکی تھی پھر بھی ہم نے پہلی سہ ماہی میں 71فیصد فنڈز استعمال کیے جو کہ آئندہ ہر سہ ماہی میں انشاء اللہ سو فیصد استعمال ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ فنڈز فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، آزادخطہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔

محسن کشمیر وزیراعظم پاکستان عمران خان آزادکشمیر کے لئے تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکج دینے جا رہے ہیں جس سے یہاں کے لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی اور ریاست میں تعمیر وترقی کا انقلاب آئے گا۔ پانچ سو ارب کے فنڈز سے ضرورت کے مطابق مختلف سیکٹرز میں منصوبے لگائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق نچلے طبقے کو اوپر اٹھانے اور اسکا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ محکمہ جات پانچ سو ارب کے میگا ترقیاتی پیکج کیلئے اپنی بروقت پلاننگ، کارکردگی اور استعداد کار بڑھائیں تاکہ اس تاریخی میگا پیکج سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کی احسن انداز میں تکمیل ہو سکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں