گذشتہ 30سالوں سے آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن نہیں ہوئے، ہماری حکومت مئی 2022میں بلدیاتی انتخابات کروارہی ہے،وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا ایوان صحافت میں خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادکشمیرسردارعبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے تعمیر وترقی کے منصوبوں پر حکم امتناعی لیا ہوا ہے۔گزشتہ دور میں 12سو سے زائد لوگوں کو محکمہ تعلیم میں بدوں این ٹی ایس بھرتی کیا گیا،ہم نے ایڈھاک ملازمین کو فارغ نہیں کیا بلکہ ایڈہاک ایکٹ کو ختم کیا ہے،گذشتہ 30سالوں سے آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن نہیں کروائے جاسکے ہماری حکومت مئی 2022میں بلدیاتی انتخابات کروارہی ہے۔

گزشتہ حکومت نے اپنی پہلی سہ ماہی کے دوران 61فیصد جبکہ ہم نے پہلی سہ ماہی میں 71فیصد بجٹ تعمیر وترقی پر استعمال کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں،5سو ارب روپے کا میگا ترقیاتی پیکج اس بات کا واضح ثبوت ہے، ان فنڈز سے قومی منصوبہ جات جن میں شونٹھر سے استور 12کلو میٹر ٹنل، مانسہرہ، مظفرآباد،میرپور روڈ،،لوہار گلی ٹنل سمیت اہم منصوبہ جات شامل ہیں۔میڈیا ریاست کا چوتھاستون ہے۔ مرکزی ایوان صحافت نے مظفرآباد میں تحریک آزادی کشمیر اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت سمیت عالمی اداروں کے وفود کی نہ صرف کوریج کی بلکہ ا نہیں حالات سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا،حکومت کے اچھے کاموں کو مثبت انداز میں سامنے لایا جائے جہاں کمی کوتاہی ہو اس کی بھی نشاندہی کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت کی زیر تعمیر نئی عمارت کے معائنہ کے بعد مرکزی ایوان صحافت میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے مرکزی ایوان صحافت کے لئے 10لاکھ روپے خصوصی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ وزیر بلدیات دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد،چئیرمین معائنہ وعملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان،سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہراقبال بھی موجود تھے۔ قبل ازیں مرکزی ایوان صحافت کے صدر سجاد قیوم میر اور جنرل سیکرٹری سید اشفاق حسین شاہ نے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کو مرکزی ایوان صحافت آمد پر خوش آمد ید کہا اور مرکزی ایوان صحافت کے کردار کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزراءاور محکموں کی کارکردگی کو مانیٹرکررہا ہوں۔

آفیسران وملازمین عوام کو سہولیات فراہم کریں، کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام پریس کلبوں کو پیکج میں شامل کرینگے اور سہولیات فراہم کرینگے تاکہ ایک ورکنگ جرنلسٹس کی استعداد کار میں اضافہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے وفد کی مظفرآباد میں اجلاس میں اپوزیشن کی شرکت بالخصوص چوہدری لطیف اکبر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close