مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا مالی سال 2021-22کا پانچواں اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات)ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی زیر صدارت جمعرات کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، شاہرات اور لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کےایک ارب78کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 7منصوبہ جات زیر غور لائے گئے۔
اجلاس میں سیکرٹری ایلیمنٹری و سکینڈری ایجوکیشن خواجہ محمد احسن، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی اعجاز احمد خان،سیکرٹری ورکس غلام بشیر مغل،محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران نے شرکت کی جبکہ وفاقی حکومت کے نمائندگان بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔ان منصوبہ جات میں محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے تحت آزادجموں وکشمیر کے 300مڈل سکولز میں ECDPکے تحت بچوں کی ابتدائی تعلیم کا منصوبہ، محکمہ شاہرات کے زیر انتظام مظفرآباد ڈویژن میں 32.5کلومیٹر سڑکات کی تعمیر، بحالی، بہترگی و پختگی کے اہم منصوبہ جات جن میں 10.5کلومیٹر مظفرآباد تا برار کوٹ بائی پاس روڈ کی تعمیر، مظفرآباد تا برار کوٹ متاثرہ روڈ کی بحالی، 15کلومیٹر گڑھی دوپٹہ، کومی کوٹ، چھتر کلاس روڈ اور 7کلومیٹر شہید گلی تا سری کوٹ روڈ کے علاوہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے تحت آزادجموں وکشمیر کے بقیہ پلوں کی تکمیل کے منصوبہ جات شامل ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کہا کہ ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس تواتر کے ساتھ ہو رہے ہیں۔ تمام محکمہ جات اپنے اپنے منصوبہ جات کے PC-Iبروقت تیار کر کے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات میں جمع کروائیں تاکہ ان پر کاروائی کرتے ہوئے انہیں فورم سے منظور کروایا جا سکے۔ جن محکموں کے منصوبہ جات منظور ہو چکے ہیں وہ فوری طور پر ان پر ٹینڈرنگ پراسس اور دیگر کاروائی کریں تاکہ ترقیاتی فنڈز کا بروقت تصرف ممکن ہو سکے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں سٹینڈرڈ کو مد نظر رکھا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سڑکیں حکومت کے طے شدہ سٹینڈرڈز کے مطابق تعمیر ہو ں تاکہ ان سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے۔ سیکرٹری صاحبان ترقیاتی منصوبہ جات کی موثر مانیٹرنگ کریں۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں