وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی مقتولہ خاتون کے والد کے گھر پہنچ گئےمقتولہ کےبچوں کو پاس بٹھایا، پیا ر کیا،والد محمد حنیف کوانصاف کا یقین دلایا

جہلم ویلی (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات،قانون،انصاف،انسانی حقوق و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی چند روز قبل مظفرآباد میں بہیمانہ قتل کا شکار ہونے والی خاتون (ش) بی بی کے والد کے گھر ریشیاں گئے اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سردار طارق، ڈی ایس پی سردار ظہیر، سب انسپکٹرجاوید عباسی و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اطلاعات نے مقتولہ کے بچوں کوا پنے پاس بٹھایا اور انہیں پیا ر کیا۔وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی نے مقتولہ کے والد محمد حنیف کو یقین دلایا کہ اس بہیمانہ قتل کا ملزم قانون کے مطابق اپنے کئے کی سزا پائے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ کا دکھ اور کرب بہت زیادہ ہے جسے ہر باپ سمجھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی خصوصی ہدایت ہے کہ مظلوم خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق مقتولہ کے بچوں کو تعلیم کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی جبکہ حکومت مظلوم خاندان کو مالی معاونت بھی فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی دلخراش واقعہ ہے جس نے ہر صاحب دل کو لرزہ براندام کر دیا ہے وحشی قاتل نے جس بربریت کا مظاہرہ کیا وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا اور مقتولہ کے وارثوں کو انصاف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی عملداری کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ منشیات کے خلاف مکمل کریک ڈاون کریں ایسے عناصر کسی رو رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا وزیراعظم نے اپنے دورہ کوٹلی کے دوران بھی واضح ہدایت دی ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہو گی اور انتظامیہ کو ایسے عناصر کے خلاف سخت ایکشن کا کہا ہے۔انویسٹی گیشن آفیسر جاوید عباسی نے اس موقع پر وزیر اطلاعات کو کیس کی تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔مقتولہ کے والد محمد حنیف نے وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پولیس اس حوالے سے بہت فعال کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی اور وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی کی دلچسبی کو سراہا اور ان کو دعائیں دیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close