ٹیم لیڈر نیشنل واٹر مینجمنٹ کنسلٹنٹ کا دورہ آزادکشمیر، ناظم اعلیٰ آبپاشی و سمال ڈیمز اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کی بریفنگ

جہلم ویلی+مظفرآباد (پی آئی ڈی) وفاقی حکومت کے تعاون سے آزادکشمیر میں جاری منصوبہ نیشنل پروگرام برائے بہتری آبی ذخائر کی کنسلٹنٹ فرم کے انچارج اورٹیم لیڈر نیشنل واٹر مینجمنٹ کنسلٹنٹ اسلام آباد ڈاکٹر علی رضاکا دورہ آزادکشمیر۔مظفرآباد ڈویژن کے مختلف منصوبہ جا ت کا معائنہ۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ آبپاشی و سمال ڈیمز آزادکشمیر شفیق الرحمن ڈار اور پراجیکٹ ڈائریکٹر بشار ت حسین درانی نے پراجیکٹ کے مالی و مادی اہداف پربریفنگ دی۔

بریفنگ کے بعدجہلم ویلی کے علاقہ ککڑ واڑہ، گوہر آباد، لوئر کھٹائی اور گوجر بانڈی جبکہ مظفرآبادمیں مچھیارہ کے مقام پر مختلف سکیموں کا معائنہ کیا۔معائنہ کے دوران انہوں نے زمینداروں سے پراجیکٹ کی افادیت، فوائد اور زرعی پیداوار کے بارے میں تفصیلات بھی لیں اور زمینداروں کو مزید دلچسپی اور دلجمعی سے کام کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ٹیم لیڈر افتخار آرائیں، ریجنل انجینئر سہیل ممتاز، ناصر عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر آبپاشی محمد ندیم خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر خواجہ اویس علی اور سب انجینئر مبشر گیلانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دریں اثنا منصوبہ کے حوالہ سے محکمانہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر علی رضا نے کہا کہ قومی پروگرام برائے بہتری آبی ذخائر ایک انقلابی منصوبہ ہے جس سے ملک بھر کی طرح آزادکشمیر میں بھی بنجر زمینیں آباد کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کا خطہ زیادہ تر پہاڑی علاقوں پر مشتمل ہے جہاں لوگوں کی محدود زمین ہے لیکن اس منصوبہ میں آزادکشمیر کا مناسب حصہ رکھا گیا ہے تاکہ یہاں کے زمیندار اپنی زمینوں کو آبا د کر کے اپنی ضروریات مقامی سطح پر پوری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت آزادکشمیر بھر میں واٹر چینل، واٹر ٹینکس اور واٹر ہارویسٹنگ سٹرکچر کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔ ان منصوبہ جات کی نگرانی ہماری کنسلٹنٹ فرم کر رہی ہے۔ اس منصوبہ کی تکمیل سے ملک بھر کی طرح آزادکشمیر میں پانی کے مناسب استعمال کو یقینی بنایا
جا ئے گا اور یہ زرعی شعبہ میں ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close