وزیر اعظم آزاد کشمیر سے وفاقی وزیر امور کشمیر کی ملاقات، ایل او سی پرعوام کے لیے بنکرز کی فوری تعمیر کو ناگزیر قرار

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کشمیر کونسل کے معاملات،ایل او سی پر بنکرز کی تعمیر، پارٹی امور اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم و بربریت کے ساتھ لائن آف کنٹرول پر آباد شہریوں کو بھی اپنی جارحیت کا نشانہ بناتا ہے۔

ایل او سی کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دفاع وطن کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ایل او سی کے عوام کیلئے بنکرز کی فوری مکمل تعمیر ناگزیر ہے۔کشمیر ڈویلپمنٹ پیکج میں ایل او سی کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی منصوبے رکھے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے منشور کے مطابق کام کررہے ہیں۔ آزاد کشمیر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے وفاقی حکومت کی جانب سے ایل او سی پر بنکرز کی تعمیر کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ عمران خان آزاد کشمیر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے ظلم وبربریت اور ہندوستان کے مکروہ عزائم کو وزیراعظم پاکستان عمرا ن خان نے پوری دنیا میں بے نقاب کر دیا ہے۔ دنیا اب ہندوستان کی اصلیت جا ن چکی ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلا قی حمایت جاری رکھیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close