مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیرا عظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں بدھ کے روز کھلی کچہری کا سلسلہ جاری رہا۔ وزیرا عظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے آزادکشمیر بھر سے آئے ہوئے سائلین جن میں بزرگ اور خواتین بھی شامل تھے کی شکایات اور مسائل سنے اور موقع پر انہیں حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی منصب سنبھالنے کے بعد تواتر کے ساتھ کھلی کچہریوں کا انعقاد کر کے عوام کے مسائل سن رہے ہیں اور موقع پر احکامات جاری کررہے ہیں۔آج بھی آزادکشمیر بھر سے آنے والے سائلین نے وزیراعظم کے سامنے اپنے مسائل پیش کیے جس پر وزیراعظم نے انہیں فوری حل کرنے کے احکامات صادر فرمائے۔
سائلین کی جانب سے وزیراعظم کے اس اقدام کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کھلی کچہری لگا کر عوام کے مسائل سن رہا ہوں تاکہ ان کے مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے اورانکی مشکلات کم ہوں۔عوام کی خدمت کیلئے میں اور میری کابینہ حاضر ہیں، تحریک انصاف کی عوامی حکومت میں کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔ وزیراعظم پاکستان عمرا ن خان کے ویژن کے مطابق حکومت کا مشن عوام کی خدمت کرنا ہے۔ عوامی مسائل کے حل اور ان کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ عوام نے ہم پر اعتماد کر کے ہمیں اقتدار کے ایوان تک پہنچایا‘انکی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین وزیرا عظم معائنہ وعملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان بھی موجود تھے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں