آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے انتخابات، امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ، کہاں کہاں پولنگ ہوں گی؟

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے انتخابات کے سلسلہ میں امیدواران کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ حتمی فہرست کے مطابق ضلع مظفرآباد، باغ، پونچھ، حویلی، کوٹلی، میرپور، بھمبر اور راولپنڈی / اسلام آباد میں انتخابات ہوں گے جبکہ ضلع جہلم ویلی اور ضلع سدھنوتی (پلندری) سے ایک ایک امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جانے کے باعث ہر دو اضلاع کے امیدواران بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

جن اضلاع میں انتخابات ہوں گے ان کیلئے چیف الیکشن کمشنر / سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت مورخہ 23 نومبر 2021ء صبح 10:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک ہو گا۔ ہر امیدوار صرف ایک پولنگ ایجنٹ مقرر کر سکے گا۔ موبائل فون اور کیمرہ پولنگ بوتھ کے اندر لے جانے کی اجازت نہ ہو گی۔ حتمی ووٹر لسٹ کے مطابق ووٹر حضرات سال 2021ء کا ایکریڈیشن کارڈ دکھا کر ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔ اصل ایکریڈیٹیشن کارڈ کے بغیر ووٹ کاسٹ نہیں کیا جا سکے گا۔

ووٹر حضرات اپنے پسندیدہ امیدوار کے نام کے نیچے بنے خانہ ”X“ (کراس) کا نشان لگائیں گے۔ کوئی بھی ووٹر بیلٹ پیپر پولنگ بوتھ سے باہر لے جاتے یا دکھا کر ووٹ ڈالتے ہوئے پایا گیا تو اس کا ووٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔ انتخابات میں کامیابی کے لیے امیدوار کو کل ووٹوں میں سے 51 فیصد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ امیدواران میں سے اگر کوئی بھی امیدوار 51 فیصد ووٹ حاصل نہیں کر سکے گا تو اس کے لیے پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروں کے درمیان دوبارہ مقابلہ ہو گا جس کیلئے چیف الیکشن کمشنر پولنگ کی نئی تاریخ مقرر کریں گی۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ضابطہ عمل میں لائی جائے گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close