اسلام آباد/جموں وکشمیر ہاؤس (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے سیاسی اور مذہبی حقوق پامال کر رہا ہے۔جنونی مودی تحریک آزادی کشمیر کو بھارتی فوج کے ذریعے کچلنا چاہتا ہے مگر اسے ناکامی ہو گی۔بہادر کشمیریوں نے طے کر لیا ہے کہ وہ بھارت سے آزادی لیکر رہیں گے۔
جامع مسجد سرینگر کافی عرصے سے بند ہے بزدل بھارتی فوج پر کشمیریوں کی دہشت طاری ہے۔آج ہی سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں بزدل بھارتی فوج نے 3 بے گناہ کشمیری نوجوان شہید کر دیے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر اسلامی امہ کو متحرک کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو دلیرانہ انداز میں اجاگر کیا ہے یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں عمران خان کے پوسٹر آویزاں ہوئے۔
کشمیریوں کو وزیراعظم پاکستان عمران خان پر پورا اعتماد ہے وہ ایک خوددار اور دلیر لیڈر ہیں۔انہوں نے وادی کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران بھارتی فوج نے تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کیا جبکہ سو سے زائد نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ کئی معصوم بے گناہ شہریوں کو گرفتاری کے دوران لاپتہ کر دیا گیا ہے جن کے اہل خانہ شدید کرب کا شکار ہیں۔ نام نہاد سرچ آپریشن سے خواتین کو ہراساں کیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ ہندتوا ازم کو پروان چڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر اقوام عالم، انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاں ہورہی ہیں، بھارتی سرکار کے احکامات پر کشمیریوں پر ظلم ڈھائے جا رہے ہیں اور کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کو کم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔حریت رہنماوں کو پابند سلاسل کر دیا گیا ہے اور ان کی آواز کو خاموش کرنے کیلیے تمام تر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ کشمیر کی تحریک کو ایک منصوبے کے تحت ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن بھارت کو اس میں ناکامی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ انڈین ایجنسیاں گھر گھر جا کر تلاشی لے رہی ہیں اور بے گناہ کشمیریوں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں منفی پروپیگنڈہ پھیلایا جارہا ہے۔
وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزادی کی تحریک شہیدوں کے لہو سے روشن ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی وہ دن دور نہیں شہیدوں کا لہو رنگ لائیگا اور مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔اس موقع پر چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم ہر فورم پر کشمیر کے مقدمے کو اجاگر کرتے رہیں گے۔انہوں نے تحریک آزادی میں جانیں قربان کرنے والے بہادر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سلام عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اہل پاکستان ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں