بلدیاتی ا نتخابات کروا کر اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی سینئر وزیر سردار تنویر الیاس سے گفتگو

اسلام آباد/جموں وکشمیر ہاؤس (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کارکنوں کو ان کا جائز مقام دیں گے۔بلدیاتی انتخابات کروا کر اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں آزادکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف آزادجموں و کشمیر کے صدر و سینئر وزیر سردار تنویر الیاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوان وزیراعظم جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے بلدیاتی انتخابات اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ تحریک انصاف کو کشمیری عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے وہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت کا ثمر ہے۔ کچھ افواہ ساز فیکٹریاں وفاقی حکومت کے بارے میں جو الزام تراشیاں کر رہی ہیں انہیں ناکامی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ بلدیاتی انتخابات جلد سے جلد ہوں۔انہوں نے کہا کہ 500 ارب کے ترقیاتی پیکج سے جہاں ریاست بھر میں میگا پراجیکٹس کا آغاز ہو گا وہیں ریاست بھر کے دور افتادہ علاقوں کو مرکزی دھارے میں لایا جائے گا تاکہ ان علاقوں کے بسنے والوں کو بھی بنیادی سہولتیں حاصل ہوں۔اس موقع پر سینئر وزیر سردار تنویر الیاس نے وزیراعظم کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ٹیم کپتان سردار عبدالقیوم نیازی کی سربراہی میں آگے بڑھیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں