مظفرآباد (پی آئی ڈی) اسپیکر آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق نے وویمن پارلیمنٹری کاکس کے زیر اہتمام آزادکشمیر میں خواتین پر تشدد کے خلاف سولہ روزہ مہم کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی، ممبر اسمبلی نثارہ عباسی، سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی مدحت شہزاد، ڈاکٹر بشریٰ شمس، چیئرمین ویمن کمیشن تہمینہ صادق، سمعیہ ساجد، شگفتہ نورین کاظمی، جمشید نقوی، ڈاکٹر فر زانہ فرح، سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےا سپیکر چوہدری انوار الحق نے کہاکہ معاشرے میں خواتین کو یکساں بنیادوں پر مواقعوں کی فراہمی کیلئے پارلیمانی ویمن کاکس کی کارکردگی لائق تحسین ہیں۔ خواتین پر تشدد کو روکنے کیلئے آگاہی کی ضرورت ہے۔ جہالت کو صرف تعلیم سے ہی شکست دی جاسکتی ہے۔ آزادکشمیر میں خواتین کو بااختیار بنانے اور انکے مسائل کے حل کیلئے مطلوبہ قانون سازی کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری تقدیس گیلانی نے کہاکہ خواتین کو مرکزی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
خواتین اپنی صلاحیت و تعلیم کے اعتبار سے کسی طور بھی کم نہیں اس لیئے اُنہیں کا م تفویض کرتے وقت صرف یہ باور نہیں کرنا چاہیے کہ خواتین ہیں یہ کام نہیں کر سکیں گی بلکہ اُن کی صلاحیتوں کو مد نظر رکھنا چاہیے۔ زلزلہ 2005ء کی تباہ کاریوں کے وقت خواتین نے اپنے عزیز و اقارب کی لاشیں بھی اُٹھائیں اور زندوں کے لیئے کھانے بھی پکائے۔ہماری خواتین معاشرے کا باہمت طبقہ ہیں جو مردوں کے شانہ بشانہ تمام شعبوں میں اپنی خدمات دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خواتین پر تشدد کے واقعات روکنے کیلئے قانون سازی کریں گے۔ ممبر اسمبلی محترمہ نثارہ عباسی نے کہا کہ محترمہ تقدیس گیلانی کو مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ اُنہوں نے اس ضمن میں بھرپور کاوش کی۔ خواتین کے لیئے اسمبلی کے اندر اور باہر تقدیس گیلانی کی ہر لحاظ سے سپورٹ کروں گی۔ وویمن کے حوالہ سے بل بھی آیا اُس کو بھی سپورٹ کروں گی۔
سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر خواتین کے مسائل کے حل کے لیئے ہم ایک پیج پر ہیں۔سیکرٹری اطلاعات مدحت شہزاد نے کہا کہ تقدیس گیلانی صاحبہ جس شعبہ میں گئیں ایکٹو رول ادا کیا۔ خواتین کے معاشی مسائل کے حل سے ابتداء کرنی چاہیے وہیں سے سب شروع ہوتا ہے۔ڈاکٹربشریٰ شمس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہاں وویمن کاکس کے آغاز کے سلسلہ میں محترمہ شاہین کوثر ڈار کا نام لینا بھی ضروری ہے۔ سمیعہ ساجد نے تقدیس گیلانی صاحبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے مسائل جو کہ ہر طبقہ کی خواتین سامنا کر رہی ہیں اس حوالہ سے پروگرام ترتیب دینا انتہائی خوش آئند ہے۔سینئر خواتین جو کہ تجربہ کی حامل ہیں ےُوتھ کو گائیڈ کریں تاکہ کامیابی کا عمل تیز تر ہو سکے۔ شگفتہ نورین کاظمی نے کہا کہ تقدیس گیلانی صاحبہ میری سیاسی اُستاد ہیں۔ شاہین کوثر ڈار صاحبہ سے بہت کچھ سیکھا۔
تمام جماعتوں کا آج گلدستہ انتہائی خوشگوار بات ہے۔پیپلز پارٹی کے دور میں وویمن کاکس کا آغاز ہوا۔ جمشید نقوی نے کہا کہ گراس روٹ لیول تک ہم سب مل کرکوشش کریں گے کہ خواتین کو اپنے حقوق و فرائض کا علم ہو۔ تہمینہ صادق خان نے کہا کہ تقدیس گیلانی صاحبہ نے ہر شعبہء زندگی میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر کیا ہے۔ وویمن کاکس کے حوالہ سے بھی اُن کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ ہم سب مل کر خواتین کو حقوق دلانے میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محترمہ عنیزہ آغا نے سر انجام دیئے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں