ریاست کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر کاتتہ پانی میں متاثرین ایل او سی میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

تتہ پانی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بسنے والے ہمارے لوگ دلیر، بہادر اور جرات مند ہیں جو پاک فوج کے شانہ بشانہ قربانیاں دے رہے ہیں، جب تک مقبوضہ کشمیر کی بہنوں اور بھائیوں کو آزادی نہیں مل جاتی چین سے نہیں بٹیھیں گے۔ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے، ہمارا صرف ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

میرا کوئی بینک بیلنس نہیں نہ ہی اقتدار میں بینک بیلنس کیلئے آیا ہوں، ریاستی وسائل کا غلط استعمال کروں گا نہ ہی کسی اور کو ہاتھ صاف کرنے دوں گا، ریاست کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو گی، 500 ارب کے ترقیاتی پیکیج سے آزاد کشمیر کا چپہ چپہ مستفید ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تتہ پانی متاثرین ایل او سی میں چیک تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے ایل او سی کے مختلف سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے متاثرین میں چیک تقسیم کیے جن میں بیوہ خواتین بھی شامل تھیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج ایل او سی کے مقام سے پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں اور بھارتی فوج کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں آپ کے پانچ سو گز فاصلے سے گزرتا ہوں، مجھے کسی قسم کا خوف نہیں، پاک فوج کے افسران و جوانوں نے ایل او سی پر قربانیاں دی، میری جان ان سے قیمتی نہیں۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر پر امن خطہ ہے، یہاں ہر قسم کی آزادی ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ساری دنیا میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور کشمیریوں کا سفیر ہونے کا ثبوت دیا، وہ دن دور نہیں جب مسئلہ کشمیر وزیراعظم پاکستان کی موجودگی میں حل ہو گا، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمیں ووٹ خطے کی تقدیر بدلنے اور پسماندگی دور کرنے کیلئے دیے ، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کی خدمت کریں جس کا ہم نے آغاز کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ایل او سی متاثرین کی ہر ممکن مدد کرینگے، حکومت ایل او سی متاترین کو کبھی بھی اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آج ہمیں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے جو بھارت کی نو لاکھ فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں، مودی چالیس ہزار آر ایس ایس کے غنڈے بھی مقبوضہ کشمیر میں لے آیا، میں ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بن کر بھارتی مظالم بے نقاب کرتا رہوں گا پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس ہو یا او آئی سی کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات، ہر جگہ بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر ہائر ایجوکشن ملک ظفر اقبال بھی موجود تھے۔

کوٹلی(پی آئی ڈی)14 نومبر 2021وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے پی ٹی آئی ضلع کوٹلی کے عہدیداران نے ملاقات کی اور کوٹلی کے تمام مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے پارٹی کارکنان کی تجاویز کو بھی سنا اور کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق تعمیروترقی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ عوام چھ ماہ کے اندر آزاد کشمیر میں تبدیلی محسوس کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان کو ان کا جائز مقام دیا جائے گا، پارٹی کارکنان ہمارا ہر اول دستہ ہیں جنہوں نے آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا کسی کارکن کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی۔ حکومت اور تنظیم مل کر لوگوں کی خدمت کریں گے اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے لائیں گے۔٭٭٭٭٭

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close