پولیس منشیات فروشوں،اس کے سورس کے خلاف کارروائی کرے، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم کاضلعی ترقیاتی جائزہ اجلاس سے خطاب

کوٹلی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرسردارعبدالقیوم خان نیازی نے کہاہے کہ منشیات ہماری نسل کوتباہ کررہی ہے اس پرحکومت خاموش نہیں رہ سکتی پولیس منشیات فروشوں،اس کے سورس کے خلاف کارروائی اورعوام میں آگاہی پیداکرنے کے لیے خصوصی ہفتہ انسدادمنشیات منائے۔منشیات فروشی کے خلاف کاروائی کوترجیحات میں شامل کریں۔انتظامیہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن مکمل کرے۔

پولیس منشیات کے ساتھ ساتھ اشتہاریوں کی گرفتاری پرتوجہ دے اورہفتہ اشتہاری بھی منائیں۔ضمنی انتخابات میں تمام اداروں نے اچھا کام کیا۔ سرکاری اداروں کاکام عوام کوریلیف مہیاکرناہے ادارے عوام کی خدمت کرکے عزت کمائیں۔ وہ ہفتہ کے روزبلدیہ ھال میں ضلعی ترقیاتی جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں وزیرصحت ڈاکٹرنثارانصرابدالی، وزیرہائیرایجوکیشن ظفراقبال ملک،وزیرمال وبحالیات چوہدری محمداخلاق،کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمدرقیب،ڈی آئی جی چوہدری سجادحسین،ڈپٹی کمشنرامجدعلی مغل،ایس پی مرزاشوکت حیات اوردیگرآفیسران بھی موجودتھے۔اجلاس میں انتظامیہ،پولیس،

محکمہ شاہرات،محکمہ لوکل گورنمنٹ کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے بائی پاس سے گلہارموڑ لنک روڈفوری پختہ کرنے،ریاں روڈکی فوری تعمیرنومکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے پولیس کومنشیات فروشوں اورسمگلروں کے خلاف کاروائی تیزترکرنے اوراس سلسلہ میں ہفتہ انسدادمنشیات منانے کی بھی ہدائت کی جس میں جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کاروائی کرنے کے ساتھ ساتھ واک کااہتمام کریں اوراس میں سول سوسائٹی کوشامل کریں۔

انہوں نے کہاکہ منشیات ہمارے معاشرے کوتیزی کے ساتھ تباہی کی طرف لے جارہی ہے اس لعنت سے نئی نسل اورقوم کوبچاناہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ہفتہ وار اجلاس رکھیں پولیس والوں کی تربیت کے لیے سیمیناررکھیں معاشرے میں ان کے خلاف بہت شکایات ہیں۔ وزیراعظم نے تجاوزات کے خلا ف فوری آپریشن کاحکم دیاجس پرکمشنرمیرپورڈویژن نے ڈی سی کوٹلی کوہدایت کی کہ بائی پاس روڈپرایک ہفتہ کے اندرتجاوزات کے خلاف آپریشن کیاجائے۔ پارکنگ کے مسئلہ پروزیراعظم نے کہاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعہ یہ مسئلہ حل کریں۔

وزیراعظم نے پولیس کواشتہاریوں کے خلاف کارروائی کے لیے بھی ہفتہ منانے کی ہدائت کی۔وزیراعظم نے کہاکہ بیلدارسڑکوں پرنظرنہیں آتے انہیں کام پرلگائیں۔ریاں کے پل کے متعلق ایکسین اشتیاق مغل نے بتایاکہ31دستمبرتک پل اورسڑک کاکام مکمل کرلیاجائے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے قوم کی توقعات پرپورااترناہے اس کے لیے سب کوکام کرناہوگا کام کریں گے تونتائج بھی آئیں گے حکومت کے ہرشعبہ نے عوام کوسروس دینی ہے وزیراعظم نے حال ہی میں چڑہوئی اورمیرپورمیں ہونے والے ضمنی انتخابات میں انتظامیہ اورپولیس کی کارکردگی کوسراہااورکہاکہ حکومت نے انتخابات صاف،شفاف اورآزادانہ ماحول میں کروائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں