مظفرآباد (پی آئی ڈی) پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کے دورہ مظفرآباد کے موقع پر ”آزادجموں وکشمیر میں سی پیک کے زیرا ہتمام توانائی،مواصلات اور سیاحت کے مواقع“کے عنوان سے پارلیمانی سی پیک کمیٹی اور FRIEDRICH EBERT STIFTUNGکے زیر اہمتام ہفتہ کے روز مقامی ہوٹل میں سیمینار و پارلیمانی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا۔ جس پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کے چیئرمین اور ممبران، وزراء حکومت اور سیکرٹریز حکومت سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ پارلیمانی ڈائیلاگ میں شرکاء نے سی پیک پراجیکٹس اور مستقبل کے تناظر میں انکی اہمیت و افادیت کے حوالہ سے تجاویز دیں۔
سیمینار میں چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور شیر علی ارباب، سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق، سینئر وزیر سردار تنویر الیاس، ممبر پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک نفیسہ خٹک، وزیر خزانہ عبدالماجد خان، وزیر منصوبہ بندی و ترقیاتی چوہدری محمد رشید، وزیر توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین، وزیر تعمیرات عامہ اظہر صادق،وزیر بہبود آبادی سردار محمد حسین خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محترمہ مدحت شہزاد، سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری امتیاز، سیکرٹری انڈسٹریز سید ظہور الحسن گیلانی، سیکرٹری تعمیرات عامہ غلام بشیر مغل،سیکرٹری انرجی ریسورسز چوہدری محمد طیب، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد بشیر بٹ، سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت ودیگر نے شرکت کی۔ سیمینار کے بعد ’آزادجموں وکشمیر میں سی پیک کے زیر اہتمام سیاحت و مواصلات کے منصوبوں اور انرجی پوٹینشل کے منصوبوں پر الگ الگ پارلیمانی ڈائیلاگ کا اہتمام کیا گیاجن میں پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کے ممبران اور وزراء حکومت آزادجموں وکشمیر نے شرکاء سے تجاویز لیں۔
سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی آزادجموں وکشمیر محترمہ مدحت شہزاد نے پارلیمانی ڈائیلاگ میں سیاحت کے فروغ کے حوالہ سے Presentation دی۔جبکہ جامعہ کشمیر کی پروفیسر رخسانہ خان، مس ثمینہ اور چیف انجینئر شاہرات کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی۔ قبل ازیں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک شیر علی ارباب نے کہاکہ سی پیک کے آزادکشمیر کے پراجیکٹس میں جو ایشوز ہیں انکی سفارشات تیار کر کے وفاقی سطح پر اٹھائیں گے۔ مانسہرہ مظفرآباد میرپور منگلا ایکسپریس وے بہت اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، اس منصوبے کو پارلیمانی کمیٹی اپنی ترجیحات میں رکھی گی۔
انہوں نے کہاکہ آزادخطہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعے موجود ہیں سی پیک کے پراجیکٹس سے یہاں سیاحت کو بہت فروغ ملے گا۔رتو شونٹر ٹنل کے ذریعے شاہراہ کی تعمیر بھی انتہائی اہم منصوبہ ہے جو آزادکشمیر اور پنجاب کو مختصر فاصلے سے گلگت بلتستان سے ملائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے خصوصی اجلاس بلا کر لائحہ عمل بنائیں گے۔ جن مسائل کا یہاں آکر ادراک ہوا ان کو پارلیمانی فورمز پر بھی اٹھائیں گے۔ آزادجموں وکشمیر کی کابینہ اور بیوروکریسی میں باصلاحیت لوگ موجود ہیں ان کی صلاحیتوں سے بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ ہم سب نے مل کر اپنے ملک کیلئے مخلص ہو کرکام کرنا ہے،
پاکستان ایک گھر ہے اور اس میں ہم سب بھائی بھائی ہیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق نے کہاکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاک چین دوستی کی زندہ مثال ہے۔ مانسہرہ مظفرآبادمیرپور منگلا ایکسپریس وے خطے کی تعمیر وترقی کیلئے انتہائی اہم منصوبہ ہے اس کی فنڈنگ کا بندوبست کیا جائے۔ سیالکوٹ کھاریاں موٹروے بھمبر کے قریب سے گزرے گی اگر ممکن ہو تو اس سڑ کو کھاریاں سے ملا دیا جائے تو زیادہ آبادی اس سے مستفید ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے لوگوں نے پاکستان کو روشن کرنے کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پوری آب تاب کے ساتھ موجود ہے،پاکستان کیلئے ہماری جان مال سب حاضر ہے لیکن ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی لاکھوں جانوں کی قربانیاں رائیگاں ہونے کاخدشہ ہو، ہم بائی برتھ پاکستانی نہیں بلکہ بائی چوائس پاکستانی ہیں‘ ہم سے کوئی پاکستانی ہونے کا سرٹیفکیٹ نہ مانگے۔
سینئر وزیر سردار تنویر الیاس نے کہاکہ سی پیک سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلندپاک چین دوستی کا مبین ثبوت ہے،آزاد کشمیر میں ٹورازم،ہائیڈل،آرگنائزڈ فارمنگ کا بہترین پوٹینشل موجود ہے،*وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آذاد کشمیر میں تاریخ ساز ترقیاتی منصوبہ جات کا آغاز کیا جارہا ہے، کاٹیج انڈسٹری،آرگینگ ایگری کلچر سمیت دیگر شعبہ جات کے حوالہ سے آذاد کشمیر انتہائی موزوں خطہ ہے۔انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت آذاد کشمیر میں سپیشل اکنامک زونز اور ٹورازم کوریڈور تعمیر کر کے معاشی استحکام لایا جا سکتا ہے،
سی پیک کے تحت آزاد کشمیر میں جاری تین ہائیڈل پراجیکٹس کیروٹ،کوہالہ،آذاد پتن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کی رکن نفیسہ خٹک نے کہاکہ کشمیری دنیا کی عظیم خواتین ہیں۔ سی پیک کے پراجیکٹس میں خواتین کی شراکت کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ ہمارا مثبت امیج دنیا میں جائے۔ ہماری خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں