مانسہرہ مظفرآباد منگلا میرپور ایکسپریس وے گیم چینجر منصوبے کو سپیڈ اپ کیا جائے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی برائے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے وفد سے گفتگو

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے خطے کی تعمیرو ترقی اور خوشحالی کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت آزاد جموں وکشمیر معاشی ترقی و انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

مانسہرہ مظفرآباد منگلا میرپورایکسپریس وے گیم چینجر منصوبہ ہے اسکو سپیڈ اپ کیا جائے، اس کی تعمیر سے آزادجموں وکشمیر کے تمام اضلاع مختصر راستے سے آپس میں منسلک ہو جائیں گے اور یہ ملک کے اس حصے کے رابطہ کے لیے مختصر ترین شاہراہ بھی ہوگی۔ رٹو شونٹر ٹنل کے ذریعے مشرقی شاہراہ کی تعمیر سے آزاد جموں وکشمیر اور پنجاب کو گلگت و بلتستان تک رسائی کے لیے مختصر ترین راستہ بھی ہوگا اور ضلع نیلم گلگت بلتستان سے مختصر روٹ کے ذریعے منسلک ہو جائے گا۔

آزادکشمیر میں جب سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے عوامی کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ حکومت نے اپنے ابتدائی چند ماہ میں تجاوزات کا خاتمہ، شہروں و دیہی علاقوں کی صفائی، سیاحتی مقامات کی صفائی کیلئے خصوصی مہم شروع کی۔ جبکہ ایل او سی کے عوام کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے بھی خصوصی ہفتہ منایا گیا جس میں، چیف سیکرٹری و سیکرٹری صاحبان نے خود ایل اوسی کے علاقوں میں جا کر لوگو ں کے مسائل سنے۔ وزیراعظم پاکستان نے جنرل اسمبلی اور دیگر عالمی فورمز پر کشمیریوں کی بہترین نمائندگی کی۔ عمران خان کے ویژن کے مطابق ریاست میں سیاحت کے فروغ، غریب طبقے کو اوپر لانے اور عوام کی خوشحالی کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

نیلم ویلی اور لیپہ سیاحت کے بہترین مراکز بن سکتے ہیں۔ آزادکشمیر میں جتنی تعمیر وترقی ہوگی اسکا اثر لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب بھی جائے گا، آزاد خطہ کی تعمیر وترقی سے ہندوستان کی چیخیں نکلیں گی۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر ظلم و بربریت کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمانی کمیٹی برائے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پارلیمانی کمیٹی برائے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے وفد میں ممبران قومی اسمبلی شیر علی عابد، نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک، وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور خان، چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان، سیکرٹری سی پیک کمیٹی سعید احمد میتالہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹرساجد محمود چوہان، سیکرٹری برائے وزیراعظم آزادکشمیر ظفر محمود خان، سیکرٹری مواصلات غلام بشیر مغل، سیکرٹری انرجی اینڈ واٹر ریسورسز چوہدری محمد طیب ودیگر نے شر کت کی۔

وفد کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے ہائیڈل اور سوشل اکنامک ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ سی پیک منصوبوں کے حوالے سے سی پیک کمیٹی کے آزادکشمیر دورے پر حکومت پاکستان اور کمیٹی ممبران کا شکرگزار ہوں۔ سی پیک کے منصوبے پاکستان اور آزادکشمیر کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔میرپور سپیشل اکنامک زون کے قیام سے آزادکشمیر میں سرمایہ کاری بڑھے گی جس سے یہاں کی معیشت مستحکم ہو گی۔آزاد کشمیر کے سوشل اکنامک پراجیکٹس کیلئے سی پیک کے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے مظفرآباد میں نیلم جہلم پائیڈروپاور پراجیکٹ تعمیر کیا گیا ہے جبکہ آزاد پتن، کیروٹ، کوہالہ سمیت دیگر پراجیکٹس بھی ا ن میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، انفراسٹرکچر کی تعمیر سے یہاں سیاحت کا انقلاب آئے گا۔ ایل او سی کے عوام کو سہولیات دیں گے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close