مظفرآباد (پی آئی ڈی ) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات ،قانون ،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ اطلاعات کا محکمہ حکومتی امور میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔جدید ٹیکنالوجی نے آگاہی کے پورے نظام کو تبدیل کر دیا ہے اب وہی سپر پاور ہے جس کی اطلاعات کے جدید نظام پر دسترس ہے ۔
حکومت کے امور سے عوام کو آگاہ کرنے کیلیے محکمہ اطلاعات کو ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا ۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزارت اطلاعات میں ان سے ملاقات کی ۔سردار فہیم اختر ربانی نے کہا کہ خبر کے ذرائع اب محدود نہیں رہے۔ سوشل میڈیا کی صورت میں اطلاعات کا ایک ہجوم ہے جس کی وجہ سے مقابلے کی دوڑ ہے جس میں جم کر کھڑا رہنے کے لیے نہ صرف علم و آگاہی پر دسترس بلکہ جدید ٹیکنالوجی پر عبور بھی درکار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ محکمے کے افسران اس انتہائی اہم ذمہ داری کو ادا کرنے کیلیے خود کو جدید مہارتوں سے آراستہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ونگ کو ہمہ وقت عوام کو آگاہی مہیا کرنے کے لیے مستعد رہنا ہو گا ،صدر گرامی ،وزیراعظم اور وزراء کرام کے بیانات اور پیغامات کو میڈیا کے مختلف حصوں تک پہنچانے کے لیے افسران اور سٹاف کو محنت ،لگن اور مستعدی سے کام کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بناتے ہوے صحافیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلیے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔
سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد نے وزیر اطلاعات کو بتایا کہ محکمہ ان کی ہدایات کی روشنی میں پوری طرح کمربستہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے پروجیکٹس کے ذریعے محکمے کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ حکومت کے امور کی موثر انداز میں تشہیر کی جا سکے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں