آزادجموں وکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس، آزاد کشمیر محکمہ اطلاعات کا 55.00 ملین روپے کا منصوبہ ”استحکام ضلعی دفاتر نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ“منظور کر لیا گیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے مالی سال 2021-22کے چوتھے اجلاس میں محکمہ اطلاعات کا 55.00 ملین روپے کا منصوبہ ”استحکام ضلعی دفاتر نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ“منظور کر لیا گیا۔ اس منصوبہ کے تحت محکمہ اطلاعات کے تما م ضلعی دفاتر اور رابطہ دفتر راولپنڈی میں ڈیجیٹل، سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کے جدید تقاضوں کے مطابق سامان خرید کیا جائے گا۔

جبکہ اس منصوبہ کے تحت تمام ضلعی دفاتر کو جدید میڈیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹیکنیکل سٹاف بھی فراہم کیا جائے گا۔ منگل کے روز ہونے والے ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے منصوبہ منظوری کے لیے پیش کیا۔ اس منصوبہ کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے بے حد سراہا اور اسے میڈیا کے موجودہ دور کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

یاد رہے کہ آزادکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا یہ چوتھا مسلسل اجلاس ہے جس میں عوامی ضرورت کے متعدد منصوبہ جات منظور کیے گئے ہیں۔ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے تواتر کے ساتھ ان اجلاسوں سے آزادکشمیر میں ترقیاتی عمل بھرپور انداز میں شروع ہو چکا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات کا کہنا ہے کہ دوسری سہ ماہی کے اختتام تک پہلی دونوں سہ ماہیوں کے اہداف حاصل کر لیے جائیں گے جبکہ مالی سال کے اختتام تک تمام ترقیاتی فنڈز کا تصر ف یقینی بناتے ہوئے جملہ اہداف حاصل کر لیے جائیں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں