آزاد کشمیر ، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کا اجلاس، ضروری فنڈز کی فراہمی کے لیے حکومت کو تخمینہ ارسال کرنے کی ہدایت

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنرآزادجموں وکشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا کی صدارت میں آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر کے علاوہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اعجاز خان، لاء ڈرافٹسمین راجہ زاہد محمود خان، سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان، ڈپٹی سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد اشفاق، ڈپٹی سیکرٹری بلدیات عاصم خالد اعوان اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ راجہ ذوالقرنین شامل ہوئے۔

بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالہ سے چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ موجودہ نافذالعمل لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں الیکشن سے متعلقہ ضروری ترامیم تجویز کر کے حکومت کو ارسال کریں گے اور بلدیاتی انتخابات سے معلقہ حلقہ بندیوں کے حوالہ سے معزز عدالت عظمی میں متدائرہ مقدمہ کی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری قانون موثر پیروی کے لیئے ایڈووکیٹ جنرل کے ساتھ مل کرمقدمہ کو یکسو کروائیں تاکہ بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے اور الیکشن کمیشن کے عملہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن کی تیاری کے سلسلہ میں ضروری ابتدائی اقدامات شروع کردیں تاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس سلسلہ میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیئے مطلوبہ فنڈز کا تخمینہ مرتب کرتے ہوئے حکومت کو ارسال کیاجائے۔ اجلاس میں متفقہ طور پریہ واضح کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی طور پر الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جو ادا کرنے کے لیئے الیکشن کمیشن تیار ہے اور اس کے لیئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ یہ بات سیکرٹری(ترجمان) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے ایک پریس ریلیز میں بتائی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں