مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کامالی سال 2021-22کاچوتھااجلاس منگل کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی زیر صدارت منگل کے روز منعقد ہوا۔جس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن، سماجی بہبود و ترقی نسواں، انفارمیشن اینڈ میڈیا ڈویلپمنٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، برقیات، صحت، صنعت و حرفت اور فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کے 2ارب 42کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 14منصوبہ جات زیر غور لائے گئے۔
اجلاس میں متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان، حکومت پاکستان کے نمائندگان، سربراہا ن محکمہ جات اورمحکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جن اہم منصوبہ جات کو زیر غور لایا گیا ان میں محکمہ تعلیم کے تحت ضلع باغ میں وومن یونیورسٹی آزاد جموں وکشمیر کے لیے حصول اراضی اور چار دیواری کی تعمیر، محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں کے تحت ضلع میرپور اور راولاکوٹ میں منشیات کے عادی لوگوں کے لیے بحالی مراکز، محکمہ انفارمیشن اینڈ میڈیا ڈویلپمنٹ کے تحت ڈائریکٹریٹ جنرل پبلک ریلیشنز کے ضلعی دفاتر کے استحکام، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت آزاد جموں وکشمیر میں لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرایزیشن، محکمہ برقیات کے تحت آزادکشمیر کے شمالی ریجن میں بجلی کی ترسیل کے نیٹ ورک کی بہتری، محکمہ صحت کے تحت ضلع سدھنوتی میں منگ کے مقام پر تحصیل ہیڈ کوارٹر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی، ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرپور میں 250بستر سے 500بستر تک اپگریڈیشن اور COVID-19پر قابو پانے کے منصوبہ جات میٹنگ کے ایجنڈے میں زیر بحث لائے گئے۔
مزید براں صنعت و حرفت کے تحت ضلع نیلم میں چٹاکٹھہ، پنچ کٹھہ اور عثمان بہک میں روبی ڈیپازٹس کی تحقیق و تشخیص اور محکمہ فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کے تحت میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر، آزادکشمیر کے شمالی زون میں واٹر سپلائی منصوبہ جات کی فیزیبلٹی سٹڈی اور احتساب بیورو کی دفتری مکانیت کی تعمیر کے منصوبہ جات شامل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کہا کہ جن محکمہ جات کے منصوبہ جات منظور ہو چکے ہیں وہ اب ان منصوبہ جات کا ٹینڈرنگ پراسس مکمل کرتے ہوئے فوری طور پر ان پر کام کا آغاز کریں تاکہ ان منصوبہ جات کے ثمرات جلد ازجلد عوام تک پہنچنا شروع ہوں۔انہوں نے سربراہان ترقیاتی محکمہ جات کو ہدایت کی کہ ترقیاتی فنڈز کو بروقت استعمال اور مقررہ ترقیاتی اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر ضروری سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں