شاعر مشرق کا خواب حقیقت بنے گا اور حق و باطل کی جنگ میں کشمیری مسلمان سرخرو ہونگے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا یوم اقبال کے موقع پر پیغام

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے حضرت علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اقبال کا پیغام ہماری نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ اقبال نے ایک مایوس اور منتشر قوم کو ناقابل شکست قوت بنایا، علامہ اقبال نے پاکستان کا تصور پیش کیا اور حضرت قائد اعظم کی قیادت میں مختصر عرصے میں اسلامیان ہند اپنے لیے الگ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ علامہ اقبال کا تعلق بھی سرزمین کشمیرسے تھا۔

انہوں نے ڈوگرہ آمریت کے خلاف کشمیری مسلمانوں کی جدو جہد کی ہمیشہ بھر پور حمایت کی۔برصغیر کے مسلمانوں کیلئے جس وطن کا خواب علامہ اقبال مرحوم نے دیکھا تھا، ریاست جموں و کشمیر اس کا لازمی حصہ تھی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ یہ انتہائی تکلیف دہ بات ہے کہ خطہ کشمیر اب تک پاکستان کا حصہ نہیں بن سکا اور کشمیری مسلمان آج بھی زبوں حال ہیں۔آج بھی کشمیری مسلمان بھارتی افواج کے ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ لیکن آزادی کی منزل حاصل کرنے کے لیے انکے حوصلے مضبوط ہیں وہ اپنے حق خودارادیت کو حاصل کر کے رہیں گے۔

انہوں نے کہامجھے پورا یقین ہے کہ شاعر مشرق کا خواب حقیقت بنے گا اور وہ دن دور نہیں جب حق و باطل کی اس جنگ میں کشمیری مسلمان سرخرو ہونگے۔آج پاکستان جن خطرات میں گھیرا ہوا ہے اس مشکل کے وقت میں پوری قوم کو متحد ہو کر پاکستان کی سلامتی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے کام کرنا ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close