آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے سڑکوں کی تعمیر ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا خطاب

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،گوکہ آزاد کشمیر میں احتساب کے لئے ایک مخصوص طبقہ رکاوٹ پیدا کر رہا ہے لیکن وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر کو کرپشن فری سٹیٹ بنائیں گے۔آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے سڑکوں کی تعمیر ترجیحات میں شامل ہے۔تمام بڑے میگا پراجیکٹس پر ہوم ورک شروع ہے، آئندہ چند دنوں تک عوام کو خوشخبری دینگے۔آزادکشمیر کے بیشتر اداروں میں اصلاحات کا آغاز کر دیا۔

ماضی کے بچھائے گئے کانٹے راستوں سے چن رہے ہیں جس کے لئے وقت درکار ہے گزشتہ حکومت نے ایسے غلط اقدامات اٹھائے جس سے ریاست کوفائدے کے بجائے شدید نقصان پہنچا۔آزادکشمیر میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو نوکریاں دینے کیلئے انقلابی اقدامات کئے جائیں گے، ایڈہاک ازم کے خاتمے سے کوئی بیروزگار نہیں ہوا،آزاد کشمیر کی صحافتی کمیونٹی حکومت کے مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی کرے اور معاشرے میں ہونے والی زیادتیوں اور خرابیوں کی نشاندہی کریں۔

میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کااظہار انھوں نے گزشتہ رات پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء سردار امجد جلیل کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے کے این ایس کے صدر زاہد تبسم،راجہ کفیل احمد،خواجہ متین،بابر انور عباسی،ثاقب راٹھور،اصغر حیات، اقبال اعوان،سابق مشیر حکومت کرنل ضمیر،ممبر کشمیر کونسل شجاع راٹھور،سردار مظہر چغتائی،سردار صغیر چغتائی مرحوم کے فرزند احمد صغیر،کرنل شجاعت حسین،سابق امیدوار اسمبلی سردا ر خطاب اعظم،سردار بشارت ودیگر موجود تھے۔

قبل ازیں وزیر اعظم آزاد کشمیر کا سردار امجد جلیل کی رہائش گاہ پر پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ننھے بچوں نے وزیر اعظم کی آمد پر انھیں گلدستہ پیش کیا، وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا مزید کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے پانچ سو ارب پیکیج ملنے پر آزاد کشمیر میں پیدا کئے گئے مسائل کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکیں گے۔آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ،زراعت کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، آزاد کشمیر کے اہم شہروں کو ملانے والی تمام بڑی شاہراؤں کو بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں،

انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی عدم حاضری کے حوالے سے بائیومیڑک سسٹم شروع کیا اس میں بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ اساتذہ حاضری لگانے کے بعد سکولوں سے غائب ہو جاتے ہیں جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار چیف سیکرٹری آزاد کشمیر،سیکرٹریز حکومت کو کنٹرول لائن پر بھیجا تاکہ وہ عوام کے مسائل دیکھیں سنیں اور انکے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں ڈاکٹرز ،پیرامیڈیکل سٹاف کو ڈیوٹی کا پابند کر رہے ہیں اور انکے درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کے احکامات جار ی کردئیے ہیں۔سردار عبدالقیوم نیازی نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ گزشتہ70سالہ عوامی محرومیوں کا ازالہ کرنا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں عوام مایوس نہ ہوں بہت جلد انکے حقوق انکی دہلیز پر مہیا کرینگے انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر کو کرپشن فری زون بنا کر عوام کو میرٹ اور انصاف کی فراہمی یقنیی بنائیں گے اور آخر میں انہوں نے سردار امجد جلیل کا پروقار عشائیہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں