وزیر داخلہ شیخ رشید کا وزیر اعظم آزاد کشمیر کو ٹیلی فون،کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کا دن دور نہیں، شیخ رشید، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومت پاکستان پر پورا اعتماد ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو ٹیلی فون، مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور سیاسی امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے،مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے، بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کا دن دور نہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ کشمیریوں کو پاکستان سے عقیدت ہے جس کو کسی بھی حربے سے کم نہیں کیا جاسکتا۔ ہندوستان گزشتہ سات دھائیوں میں بدترین ظلم و جبر ڈھا کر کے بھی کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان سے محبت اور عقیدت کو کم نہیں کر سکا۔ ہندوستان کی جدید اسلحہ سے لیس قابض فورسز کاکشمیری نہتے ہاتھوں مقابلہ کررہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں ظلم و جبر نہ ہوا ہو لیکن کشمیریوں کا پائیہ استقلال غیر متزلزل رہا ہے۔

ان کی پاکستان سے عقیدت ہے کہ اپنے شہیدوں کے جنازے سبز ہلالی پرچم میں دفناتے ہیں اور ہندوستانی سنگینیوں کے سائے تلے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومت پاکستان پر پورا اعتماد ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے جس طرح جنرل اسمبلی اور دیگر عالمی فورمز پر کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرکے ہندستان کے ظلم و بربریت اور مکروہ عزائم کو بے نقاب کیا ہے اس سے کشمیریوں کے موقف کو تقویت ملی ہے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے شکرگزار ہیں کہ جس طرح انہوں نے عالمی فورمز پر ہماری بہترین انداز میں نمائندگی کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری ہے، ان کی رہنمائی اور سرپرستی میں آزاد خطہ کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close