نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں کے زیرا ہتمام خواتین پر تشدد کے خاتمہ کے حوالہ سے مظفرآباد میں سیمینار کا انعقاد

مظفرآباد (پی آئی ڈی) نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں کے زیرا ہتمام خواتین پر تشدد کے خاتمہ کے حوالہ سے سولہ روزہ مہم کے سلسلہ میں دارلحکومت مظفرآباد میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں چیئرپرسن نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں محترمہ نیلو فر بختیار، ممبران اسمبلی محترمہ کوثرتقدیس گیلانی اور محترمہ نثارہ عباسی، سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محترمہ مدحت شہزاد، چیئرمین سٹیٹ کمیشن برائے وقار نسواں محترمہ تہمینہ صادق ودیگر نے شرکت کی۔ سیمینار میں چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور بھی موجود تھے۔

سیمینار میں خواتین کو بااختیار بنانے اور خواتین پر تشدد کو روکنے کیلئے شرکاء سے تجاویز بھی لی گئیں۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن نیشنل کمیشن برائے وقا ر نسواں محترمہ نیلو فر بختیار نے کہاکہ معاشرے میں خواتین کو یکساں بنیادوں پر مواقعوں کی فراہمی کیلئے رنگ و نسل، سیاسی ودیگر وابستگیوں سے بالاتر ہو کر یکجان ہونا پڑے گا۔ خواتین نے اپنے آپ کو بہت مضبوط دکھانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم خواتین کے حقوق اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلانے کیلئے کام کررہے ہیں۔

خواتین پر تشدد کے خاتمہ کے حوالہ سے جاری سولہ روزہ مہم کا آغاز آزادکشمیر سے کیا ہے۔ ویمن کمیشن آزادکشمیر کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقات میں انہوں نے آزادکشمیر کے پانچ اضلاع جن میں محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے دفاتر نہیں تھے ان اضلاع میں دفاتر کے قیام کی یقین دہانی کروائی ہے، وزیراعظم آزادکشمیر خواتین کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ آزادکشمیر میں ویمن پولیس اسٹیشنز بن رہے ہیں جو کہ اچھا اقدام ہے۔ ویمن پولیس اسٹیشنز میں فرنیچر فراہم کریں گے۔

خبیر پختوانخواہ، فاٹا اور بلوچستان میں بھی ترجیحی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔ ہرنائی بلوچستان میں زلزلہ کے متاثرین کی مدد کریں گے۔انہوں نے کہاکہ عورت عورت کی دوست ہے، میں ہر عورت کے حقوق کیلئے کھڑی ہوں۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی محترمہ کوثر تقدیس گیلانی نے کہاکہ محترمہ نیلو فر بختیار صاحبہ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے خواتین پر تشدد کے خاتمہ کے حوالہ سے سولہ روزہ مہم کا حصہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں ویمن چیمبر بنائیں گے۔ اسلام نے عورت کو جو مقام دیا ہے اس کے مطابق عورت کو معاشرے میں مقام دلوانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محترمہ مدحت شہزاد نے کہاکہ ہم سب نے مل کر مقبوضہ کشمیر میں عورتوں اور بچوں پر ہندوستانی مظالم کے خلاف آواز اٹھانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل کشمیر آئی ٹی بورڈ کا ویژن ہے،انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ آزادکشمیر کے تمام تھانوں کو ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے آئی جی آفس سے منسلک کررہا ہے۔ چھیالیس تھانوں کو ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آن لائن ایف آئی آر سسٹم پر بھی آئی ٹی بورڈ کام کررہا ہے۔

آئی ٹی بورڈ نے ٹیلی میڈیسن کا پراجیکٹ لایا ہے جس کے تحت آزادکشمیر کے کسی بھی علاقے سے کوئی بھی شخص بذریعہ ایپ ڈاکٹر سے رہنمائی / مشورہ لے سکتا ہے۔ سیمینار میں چیئرپرسن نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں محترمہ نیلو فر بختیار، ممبران اسمبلی محترمہ کوثرتقدیس گیلانی اور محترمہ نثارہ عباسی، سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محترمہ مدحت شہزاد، چیئرمین سٹیٹ کمیشن برائے وقار نسواں محترمہ تہمینہ صادق نے شرکاء کے سوالوں کے جواب بھی دیے۔ ازاں بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں محترمہ نیلو فر بختیار نے کہاکہ نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں ملک بھر میں خواتین پر تشدد کو روکنے اور انہیں تمام شعبہ زندگی میں یکساں بنیادوں پر مواقعوں کی فراہمی کیلئے کام کررہا ہے۔

خواتین پر تشدد کے خاتمے کے حوالے سے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی حصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان میں اس کمپین کا آغاز آزادکشمیر سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت سب سے زیادہ تشدد کا شکار مقبوضہ کشمیر کی خواتین ہیں جنہیں ہندوستانی فورسز کے بدترین ظلم و جبر کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں کرائم ریٹ بہت کم اور لٹریسی ریٹ ہائی ہے۔ یہاں سوشل ویلفیئر اور ویمن ڈویلپمنٹ خواتین کی ترقی کیلئے بہتر ین کام کررہے ہیں۔میں نے خود مظفرآباد میں مہاجر کیمپس اور جیل کا بھی دور کیا ہے۔ مہاجر کیمپوں میں خواتین کو ہنر مند بنانے کے حوالے سے بہترین کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین پر تشدد روکنے کے حوالے سے میڈیا ہمارا ساتھ دے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close