صدر آزاد کشمیربیرسٹر سلطان محمود سےاپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کی ملاقات،مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر صدر آزاد کشمیر کی کوششوں کی تعریف

مظفرآباد(پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی ایوان صدر مظفرآباد میں تفصیلی ملاقات۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر مل کر اٹھایا جائے گا اور اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی اور مسئلہ کشمیر کو جارخانہ انداز میں اٹھانے کے لیے سیاسی، نظریاتی اور جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر کام کیا جائے گا۔

اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر نے اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کو ستمبر میں اپنے دورہ امریکہ اور اب اپنے دورہ برطانیہ اور یورپ کی تفصیلات سے آگاہ کیا نیز اس سلسلے میں آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اس امر پر بھی اتفاق رائے کیا گیا کہ آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنایا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ یاد رہے کہ اپوزیشن اور صدر ریاست کے درمیان کافی عرصہ بعد باضابطہ رابطہ ہوا ہے اور مل جل کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا ہے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close