آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت کارکنوں نے اپنی جان پر کھیل کر بنائی ہے، میں ہر جگہ کارکنوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاؤں گیا ،بیرسٹر سلطان محمود کا پلندری میں خطاب

پلندری(پی این آئی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پلندری میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ روز برطانیہ اور یورپ کے دورے سے واپس آیا ہوں اور آتے ساتھ ہی غازیوں اور شہیدوں کی دھرتی پر آیا ہوں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ میں نے بیرون ملک جا کر کرونا کی صورت حال کے باعث مسئلہ کشمیر پر بیرون ملک جاری جمود کو توڑا ہے کیوں کہ گزشتہ دو سال سے کشمیری ڈائسفورا غیر متحرک تھا کیونکہ 5اگست 2019کے بھارت کے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کو غیر آئینی طور پر تبدیل کرنے کے اقدام کے خلاف اس طرح آواز بلند نہیں ہو سکی تھی۔

میں نے جس دن صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا تو اعلان کیا تھا کہ میں آزادی کے بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کروں گا۔ جس طرح میں نے سری نگر جا کر لال چوک میں بھارتی سرکار کو للکارا تھا اسی طرح میں اقوام متحدہ میں بھی پہلا منتخب کشمیری لیڈر ہوں جس نے مودی کی آمد کے موقع پر اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کی اور مود ی کے خطاب کے موقع پر اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے مظاہرے کی قیادت کی۔

اسی طرح میں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، تھینک ٹیکنس اور اعلیٰ امریکی حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔ جبکہ اپنے دورہ برطانیہ کے دوران میں نے لندن میں برطانوی پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز میں چالیس سے زائد ممبران کے اجلاس سے خطاب کیا جو کہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اسی طرح میں نے 27اکتوبر کو لندن میں بھارتی سفارتخانے سے برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ تک کشمیریوں کے مارچ کی قیادت بھی کی، اس موقع پر برطانوی وزیراعظم کے دفتر میں ایک یاداشت بھی پیش کی۔ میں نے برمنگھم میں آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کیا، اسی طرح دورہ یورپ کے دوران برسلز میں کشمیریوں کے مظاہرے میں شرکت کی اور یورپین پارلیمنٹ میں مختلف ممبران یورپین پارلیمنٹ اور یورپین پارلیمنٹ کے نائب صدر سے بھی ملاقاتیں کیں۔

دی ہیگ میں عالمی عدالت انصاف کے سامنے کشمیریوں کے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی اگلے روز فرانس گیا وہاں پیریس میں کشمیریوں کے بہت بڑے مارچ میں شرکت کی، اسی طرح فرانس کے تھینک ٹینکس اور با اثر لوگوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی اور مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت میں نے یا عبدالقیوم نیازی نے نہیں بنائی بلکہ یہ کارکنوں نے اپنی جان پر کھیل کر بنائی ہے اور میں ہر جگہ کارکنوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاؤں گیا

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلندری میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جلسہ عام کی صدارت پلندری سے وزیر سماجی بہبود سردار محمد حسین خان نے کی جبکہ اس موقع پر جلسہ عام سے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد، وزیر مال چوہدری اخلاق احمد، وزیر قانون انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم ربانی، وزیر صحت ڈاکٹر انصر ابدالی، وزیر برقیات چوہدری ارشد حسین، وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر ملک، مشیر حکومت چوہدری مقبول احمد، پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، سردار شاہد، سردار بابر رزاق، سردار عتیق سخاوت سدوزئی، سردار امجد اکبر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میرے امریکہ اور برطانیہ کے دورہ سے دنیا اب یہ جان چکی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں میں آزاد ی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر پر اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کی کوشش کر رہا ہوں وہاں میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کے معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت میری یا عبدالقیوم نیازی کی وجہ سے نہیں بنی بلکہ یہ کارکنوں نے اپنی جان پر کھیل کر بنوائی ہے۔ میں کارکنوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں ان کے حقوق کے لیے ہر جگہ آواز بلند کروں گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close