آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی حکومت کے 100 دن، وفاق سے 5 سو ارب روپے کا ترقیاتی پیکج حاصل کیا، 15 مئی سے قبل بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی ڈیڈ لائن مقرر راجہ منصور، ارشاد محمود کی پریس کانفرنس

مظفرآباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر نے اپنی حکومت کے قیام کے100دن پورے ہونے پر اپنی کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کردی ہے۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن کے چیئرمین راجہ منصور نے ڈی جی لبریشن سیل اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود کے ہمراہ مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 90 روز میں تحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت نے 5 سو ارب روپے کے گیم چینجر پیکج وفاق سے حاصل کیا ہے جو آزادکشمیر کا معاشی نقشہ بدل دے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات 15 مئی سے قبل منعقد کرنے کیلئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے الیکشن کمیشن کو ڈیڈ لائن دی ہے۔ ایڈہاک ملازمین کی مستقلی کا کالا قانون جس کی منسوخی کا وعدہ عوام سے الیکشن سے قبل پی ٹی آئی نے کیا تھا وہ بھی پورا ہوگیا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکو مت وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کی لیڈرشپ میں آزادکشمیر کے موصلاتی نظام میں انقلاب برپا کرنے کو ہے۔ فور جی انٹرنٹ سروسز فراہم کرنے کیلئے موجودہ حکومت نے موبائل فون کمپنیوں سے معاہدے کیے ہیں۔ بعض علاقوں میں فور جی کا کی سروس آنا شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ایڈہاک ملازمین کی بھرتیوں کا جو کالا قانون بنایا اسے ہم نے ختم کیا ایک سیل قائم کرکے متاثرہ افراد کے معاملات کاکیس ٹو کیس جائزہ لیں گے این ٹی ایس اور پبلک سروس کمیشن سے تحریک انصاف کی حکومت میں میرٹ پر روزگار فراہم ہو گا آزادکشمیر کے عوام کیلئے تاریخی پانچ سو ارب کا پیکج حاصل کیا ہے شونٹر ٹنل، لوہار گلی اور لیپہ ٹنل کے منصوبے پیکج میں شامل ہیں ٹورازم کوریڈور کیلئے لسڈنہ اور دیگر سڑکوں کی تعمیر کیلئے وزیراعظم نے ذمہ داری سونپی ہے پیکج میں تعلیم اور صحت سمیت دیگر منصوبوں کی نشاندہی کریں گے انہوں نے کہا کہ 31 سال سے آزادکشمیر کے عوام بلدیاتی انتخابات کے انتظار کر رہے ہیں بلدیاتی انتخابات آئندہ سال مئی میں کروائیں گے بلدیاتی انتخابات سے اقتدار آزادکشمیر کے عوام کی دہلیز تک پہنچے گا۔

ارشاد محمود نے کہا کہ موجودہ حکومت مورثی سیاسی کلچر تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بلدیاتی الیکشن سے آزادکشمیر میں نئی نوجوان قیادت سامنے آئے گی۔ ارشاد محمود نے بتایا کہ وزیراعظم عبدالقیوم ںیازی صحافیوں کی فلاح وبہبود اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ کے لیے بھی پرعزم ہیں۔ وہ صحافیوں کے لیے بھی پانچ سو ارب پیکج میں وسائل مختص کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں راجہ منصور نے کہا کہ اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر میں کسی قسم کے اختلافات نہیں۔ آزادکشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تحریک انصاف متحد اور منظم انداز میں کام کرے گی۔ میری ذمہ داری ہے کہ منصوبوں پر عملدرآمد ٹائم فریم میں مانیٹرنگ کروں۔ تمام منصوبے زمین پر دکھائی دیں گے۔ پریس کانفرنس میں ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر نذیر اور عدیل میر بھی موجود تھے۔

close