کشمیر ڈویلپمنٹ پیکج ، سیاحت کے فروغ کیلئے منصوبے رکھے جائیں گے ، وزیر اعظم آزادکشمیر کو محکمہ سیاحت کی بریفنگ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں سیاحت کا وسیع پوٹینشل موجود ہے جسے بروئے کار لا کر ریاستی آمدن میں اضافہ اور مقامی سطح پر روزگار فراہم کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، ان کی جانب سے کشمیر ڈویلپمنٹ پیکج میں سیاحت کے فروغ کے لیے منصوبے رکھے جائیں گے جس سے یہاں ترقی کا انقلاب آئے گا۔

آزادکشمیر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کیلئے خصوصی ہفتے منانے کا مقصد بھی ریاست میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ آزادخطہ میں آنے والے سیاحوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع پلان مرتب کیا جارہا ہے تاکہ جو سیاح یہاں آئے اچھا تاثر لیکر جائیں اور ہمارا مثبت امیج دنیا کے سامنے اجاگرہو۔سیاحت کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام کررہے ہیں۔سیاحتی شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ریاست میں دریاؤں اور جھیلوں کے اردگرد سیاحتی سپاٹس بنائیں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے محکمہ سیاحت کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینئر وزیر سردار تنویر الیاس، سیکرٹری سیاحت ودیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ تولی پیر لسڈنہ روڈ کاکام برق رفتاری سے جاری ہے جس کی میں خود نگرانی کررہا ہوں۔اس منصوبے کی تکمیل سے سیاحوں کی دلچسپی بڑھے گی اور علاقے میں سیاحتی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ اسی طرح دیگر سیاحتی مقامات کی رابطہ سڑکوں کو بہتر کررہے ہیں تاکہ سیاحوں اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھے۔ آزادکشمیر کو اللہ رب العزت نے قدرتی حسن سے نوازا ہے، اس کے قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیر ڈویلپمنٹ پیکج میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے شامل کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر برائے ہائر ایجوکیشن ملک ظفراقبال، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائرایجوکیشن ڈاکٹر لیاقت حسین چوہدری نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے پرائیوٹ تعلیمی اداروں کا چیک اینڈ بیلنس رکھنے،تعلیمی اداروں میں بائیومیٹرک سسٹم کو مکمل فعال کرنے اورجن تعلیمی اداروں کی عمارات ابھی تک مکمل نہیں ہوئیں ان کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تعلیم معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے، معیار تعلیم کو بلند کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر کی ضروریات کو پورا کریں گے۔ کشمیر ڈویلپمنٹ پیکج میں تعلیم کی بہتری کے منصوبے بھی شامل کریں گے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق تعلیم کا فروغ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close