اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے گزشتہ سات دہائیوں میں بے مثال قربانیاں دی ہیں جن کی مثال آزادی کی تحریکوں میں ملنا مشکل ہے، بھارت تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکا، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر حل کروانے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائے، اوورسیز کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کو بے نقاب کریں تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا دیکھ سکے۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان جس جرات و بہادری کیساتھ کشمیریوں کی آواز بنے اس کی بھی مثال نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید کے ساتھ جموں وکشمیر ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے علی رضا سیّد کی تحریک آزادی کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کونسل ای یو کے پلیٹ فارم سے انہوں نے قابل قدر کام کیا ہے۔
وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ بھارت کو افغانستان میں امریکہ کی ناکامی سے سبق سیکھنا چاہیے جہاں عالمی طاقتیں بھی اپنی مرضی مسلط نہیں کرسکیں۔ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے اس خطے کا امن خطرے کا شکار ہے۔جب تک مسئلہ کشمیرحل نہیں ہوگا خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔علی رضا سید نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہاہے۔ ان کی تنظیم یورپی یونین کے ممالک میں سرگرم ہے اور کشمیر کے لیے حمایت حاصل کرنے کے لیے بھرپور لابنگ کررہی ہے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ یورپ میں آبادکشمیری تارکین وطن نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے اور دنیا کی حمایت حاصل کرنے میں زبردست خدمات سرانجام دی ہیں۔ جن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں